
وائلڈ لائف ریسرچر ڈاکٹر نازنین زہرا نے امریکہ میں بین الاقوامی کانفرنس میں دو مقالات پیش کئے
علی گڑھ، 18 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ وائلڈ لائف سائنسز کی ریسرچر ڈاکٹر نازنین زہرا نے امریکہ کے شہر ڈیس موئنز، آئیووا میں منعقدہ دی وائلڈ لائف سوسائٹی کی 33ویں سالانہ کانفرنس میں دو تحقیقی مقالے پیش کیے۔ ان کے مقالوں کے عنوانات تھے ‘‘گِر محفوظ خطہ میں تیندوؤں اور شیروں کا بقائے باہمی: گجرات، ہندوستان سے ایک ماحولیاتی مطالعہ’’ اور ‘‘ہندوستان کے گِر کے قدرتی خطوں میں انسانوں اور جانوروں کے درمیان تعاملات: قربت، جارحیت اور تدارک کے حوالے سے ایک خاتون محقق کا نقطہ نظر’’ ۔ ان مقالوں میں گِر کے قدرتی خطہ میں تیندوؤں اور شیروں کے بقائے باہمی کے ماحولیاتی پہلوؤں اور انسانوں و جنگلاتی حیات کے درمیان تعاملات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر زہرا اور پروفیسر جمال اے خاں کے اشتراک سے تصنیف کردہ ان مقالات میں مختلف جانوروں کے درمیان تعاملات، وسائل کا استعمال، بقائے باہمی، انسانوں اور جانوروں کے درمیان تصادم اور اس کے تدارک کے طریقوں کا مطالعہ کیا گیا۔ ان میں بڑے گوشت خور جانوروں کی قدرتی پناہ گاہوں میں کام کرنے والی خاتون محققین کے تجربات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے ڈاکٹر زہرا کی شرکت کو سراہا۔ دی وائلڈ لائف سوسائٹی کی صدر کیرول چیمبرز نے انہیں اپنے گروپ ‘ویمن آف وائلڈ لائف’ میں خوش آمدید کہا اور اس کمیونٹی سے وابستگی کے اعتراف میں ایک خصوصی بیج بھی پیش کیا۔ ڈاکٹر زہرا نے اس کانفرنس میں انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن، دی وائلڈ لائف سوسائٹی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تعاون سے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ