
ڈھاکہ، 18 نومبر(ہ س)۔ بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں کپڑا مزدوروں کی تحریک شدت اختیار کرگئی ہے۔ بدھ کی صبح راجدھانی کے صنعتی علاقوں میں احتجاج کرنے والے ملازمین اور پولیس کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس کی ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔ پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں گاڑی جلتی رہی۔ تازہ تشدد کے سلسلے میں پولیس نے تقریباً 300 ملازمین کو گرفتار کیا ہے۔’ڈھاکہ ٹریبیون‘ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی صبح راجدھانی کے غازی پور صنعتی علاقے میں گارمنٹ ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا۔ اس دوران ملیکر باری علاقے میں پولیس کی ایک گاڑی کو نذرِ آتش کردیا گیا۔ احتجاج کرنے والے ملازمین کم از کم 30 ہزار ٹکا ماہانہ تنخواہ مقرر کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ملازمین گزشتہ کچھ عرصے سے اس مطالبے کو لے کر تحریک چلا رہے ہیں۔
بدھ کی صبح ملازمین نے ڈھاکہ-میمن سنگھ شاہراہ کو جام کردیا، جس کے بعد پولیس نے انہیں وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی۔ یہ واقعات صبح تقریباً 10:30 بجے غازی پور شہر کے ملیکر باری اور سائن بورڈ علاقوں میں پیش آئے۔مقامی ذرائع کے مطابق کئی کمپنیوں کے ملازمین کام پر نہیں پہنچے اور مقررہ مقامات پر جمع ہوکر شاہراہ پر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ اس کے نتیجے میں ٹریفک مکمل طور پر ٹھپ ہوگیا۔ پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو طاقت کے زور پر ہٹانے کی کوشش کی، جس کے بعد صورت حال مزید کشیدہ ہوگئی۔ بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے گولے اور ساؤنڈ گرینیڈ استعمال کیے۔
غازی پور انڈسٹریل پولیس-2 کے سپرنٹنڈنٹ محمد امجد حسین نے بتایا کہ صبح کے وقت صورت حال پُرامن تھی، لیکن بعد میں حالات کافی کشیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) اور انصار کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر حالات پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس مقصد کے لیے آنسو گیس کے گولے اور ساؤنڈ گرینیڈ استعمال کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب صنعتی علاقے کے ساور اور اشولیا میں بھی ملازمین احتجاج کررہے ہیں۔ بدھ کی صبح مظاہرین نے دو مقامات پر سڑکیں جام کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس کو راستے خالی کرانے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔پولیس کے مطابق احتجاج کے سلسلے میں ساور اور اشولیا تھانوں میں 24 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ توڑ پھوڑ میں ملوث ہونے کے الزام میں تقریباً 300 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس تحریک میں کئی بیڑی فیکٹریوں کے مزدور بھی شامل ہوگئے ہیں۔
اشولیا تھانے کے انچارج محمد طارق الاسلام نے بتایا کہ مظاہرین نے نر سنگھ پور میں ’سارمین گروپ‘ کی ایک فیکٹری کے سامنے سڑک جام کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کو راستہ کھلوانے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔ادھر ڈھاکہ ضلع کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (جرائم، آپریشن اور شمالی ٹریفک) محمد جہانگیر عالم نے بتایا کہ ساور اور اشولیا کی بعض گارمنٹ فیکٹریوں کو بنگلہ دیش لیبر قانون کی دفعہ 13(1) کے تحت بند کردیا گیا ہے، جب کہ دیگر فیکٹریوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan