کیو ایس سسٹین ایبلٹی رینکنگ 2027 میں دہلی یونیورسٹی کی بڑی چھلانگ، ہندوستان میں تیسرے اور دنیا میں 237ویں مقام پر
نئی دہلی، 18 نومبر(ہ س)۔ دہلی یونیورسٹی نے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز: سسٹین ایبلٹی 2027 میں اپنی پوزیشن بہتر بناتے ہوئے ہندوستان میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ وہیں عالمی سطح پر یونیورسٹی 237ویں اور ایشیا میں 30ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ سا
دہلی یونیورسٹی کی فائل فوٹو


نئی دہلی، 18 نومبر(ہ س)۔

دہلی یونیورسٹی نے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز: سسٹین ایبلٹی 2027 میں اپنی پوزیشن بہتر بناتے ہوئے ہندوستان میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ وہیں عالمی سطح پر یونیورسٹی 237ویں اور ایشیا میں 30ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ سال کی رینکنگ میں دہلی یونیورسٹی عالمی سطح پر 241ویں، ایشیا میں 36ویں اور ہندوستان میں چوتھے مقام پر تھی۔

دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے بدھ کو بتایا کہ یونیورسٹی کا مجموعی اسکور بھی گزشتہ سال کے 80.9 سے بڑھ کر اس بار 84.2 ہوگیا ہے۔ تازہ ترین رینکنگ میں دنیا بھر کی 2,004 یونیورسٹیوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں ایشیا کی 850 اور ہندوستان کے 100 ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی یونیورسٹی نے کارکردگی کے 4 اہم اشاریوں - ماحولیاتی تعلیم، علم کا تبادلہ، تعلیم کے اثرات اور بہتر حکمرانی - میں ہندوستان میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔

اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے یونیورسٹی کے اساتذہ، محققین، طلبہ، سابق طلبہ اور ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کیو ایس سسٹین ایبلٹی رینکنگ میں یونیورسٹی کی مسلسل ترقی تعلیمی برتری، ماحولیاتی ذمہ داری اور سماج پر بامعنی اثرات مرتب کرنے کے اجتماعی عزم کی عکاس ہے۔ ہندوستان میں تیسرا مقام اور 4 اہم اشاریوں میں پہلا مقام حاصل کرنا یونیورسٹی کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی عالمی سطح پر مسابقتی، سماجی طور پر ذمہ دار اور پائیدار ادارہ بنانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

پروفیسر سنگھ نے کہا کہ یونیورسٹی پائیداری پر مرکوز تعلیم اور تحقیق کو مضبوط بنانے، قومی اور بین الاقوامی تعاون کو وسعت دینے، کیمپس میں ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف میں اپنا تعاون بڑھانے کے لیے مسلسل کوششیں کرے گی۔

رینکنگ کے مطابق دہلی یونیورسٹی نے ماحولیاتی اثرات اور سماجی اثرات کے زمروں میں بھی اپنی کارکردگی بہتر بنائی ہے، جبکہ بہتر حکمرانی کے شعبے میں اپنی عمدہ کارکردگی برقرار رکھی ہے۔

ماحولیاتی اثرات کے زمرے میں یونیورسٹی کا اسکور 80.6 سے بڑھ کر 84.3 ہوگیا ہے۔ ماحولیاتی تعلیم کے شعبے میں دہلی یونیورسٹی عالمی رینکنگ میں 53ویں سے 51ویں مقام پر پہنچ گئی ہے اور 95.7 اسکور کے ساتھ ہندوستان میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ وہیں ماحولیاتی تحقیق میں یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ 616ویں سے بہتر ہوکر 590ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ ماحولیاتی پائیداری کا اسکور بھی 64.4 سے بڑھ کر 71.9 ہوگیا ہے۔

سماجی اثرات کے زمرے میں یونیورسٹی نے عالمی سطح پر 435ویں سے 404ویں مقام پر پہنچ کر نمایاں بہتری درج کی ہے۔ اس زمرے میں اس کا اسکور 77.4 سے بڑھ کر 82.1 ہوگیا ہے۔ علم کے تبادلے کے شعبے میں دہلی یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ 94ویں سے بہتر ہوکر 66ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ اس زمرے میں 98.1 اسکور کے ساتھ یونیورسٹی نے ہندوستان میں اپنا پہلا مقام برقرار رکھا ہے۔

اسی طرح تعلیم کے اثرات کے شعبے میں یونیورسٹی عالمی سطح پر 786ویں سے 674ویں مقام پر پہنچ گئی ہے اور اس زمرے میں بھی ملک میں اپنی سرکردہ پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ صحت اور فلاح و بہبود کے شعبے میں دہلی یونیورسٹی نے 223 مقامات کی بہتری درج کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں 1,193ویں سے 970واں مقام حاصل کیا ہے۔ اس زمرے میں یونیورسٹی کا اسکور 64.1 سے بڑھ کر 70.5 ہوگیا ہے۔

بہتر حکمرانی کے شعبے میں دہلی یونیورسٹی نے 90.9 اسکور حاصل کرتے ہوئے ہندوستان میں اپنا پہلا مقام برقرار رکھا ہے۔ اس زمرے میں ادارہ جاتی شفافیت، اخلاقی حکمرانی، جواب دہی اور متعلقہ فریقوں کی شرکت جیسے پیمانوں کی بنیاد پر یونیورسٹیوں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande