

- گرو رویداس جی کے 650ویں پرکاش پرو کے نام وقف یہ یاترا 7 ریاستوں کے 47 شہروں سے گزرے گی
جالندھر، 18 نومبر(ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر نتن نوین نے بدھ کے روز جالندھر سے 16 روزہ ’سمرتا سنکلپ یاترا‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ سنت شرومنی شری گرو رویداس جی مہاراج کے 650ویں پرکاش پرو کے نام وقف یہ یاترا 7 ریاستوں کے 47 شہروں سے گزرے گی۔ اس کا مقصد گرو رویداس جی کی تعلیمات، مساوات، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے پیغام کو عوام تک پہنچانا ہے۔
اس موقع پر نوین نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نشہ سے پاک، گینگسٹر سے پاک اور ترقی یافتہ پنجاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے پنجاب کی عام آدمی پارٹی حکومت پر سخت سیاسی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں عآپ حکومت کی رخصتی کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
یاترا کو روانہ کرنے سے پہلے نتن نوین پنجاب بی جے پی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ڈیرہ سچکھنڈ بلّاں پہنچے اور ڈیرہ کے سربراہ سنت نرنجن داس جی سے آشیرواد لیا۔ اس کے بعد انہوں نے بھگوان والمیکی جی، شری گرو رویداس جی مہاراج اور عظیم گرو صاحبان کے سامنے سر جھکا کر سنگت کا خیرمقدم کیا۔ جالندھر-پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر واقع گاؤں رائے پور-رسول پور میں منعقدہ ایک بڑی مذہبی مجلس میں پہنچنے سے پہلے انہوں نے سنتوں اور بزرگوں کے ساتھ بیٹھ کر پرسادہ تناول کیا۔ اسٹیج پر گرو رویداس جی کی تصویر کے سامنے ماتھا ٹیکنے کے بعد انہوں نے اپنا خطاب شروع کیا۔
نتن نوین نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے گرو رویداس جی کی وراثت اور تعلیمات کو احترام دینے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان میں آدم پور ہوائی اڈے کا نام گرو رویداس جی کے نام پر رکھنا، سنت نرنجن داس جی کو پدم شری سے نوازنا، مدھیہ پردیش کے ساگر میں 101 کروڑ روپے کی لاگت سے عظیم الشان مندر کی تعمیر اور کاشی میں گرو رویداس جی کے جائے پیدائش پر سہولتوں میں اضافہ شامل ہے۔
انہوں نے گرو رویداس جی کے پیغام ’ایسا چاہوں راج میں، جہاں ملے سبن کو انّ‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت پردھان منتری آواس یوجنا، آیوشمان بھارت، مفت راشن اور پی ایم-اجے جیسی اسکیموں کے ذریعے غریب اور محروم خاندانوں کو بااختیار بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اسکیموں کا مقصد سماج کے پسماندہ طبقوں کے نوجوانوں کو بھی تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ ڈاکٹر اور انجینئر بن کر ملک کی ترقی میں اپنا تعاون دے سکیں۔
پنجاب حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی صدر نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی نے اقتدار میں آنے سے پہلے نشہ سے پاک پنجاب بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن حکومت اس سمت میں توقع کے مطابق نتائج دینے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشے کے خلاف لڑائی لڑنے کے بجائے حکومت پنجاب کے نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ بی جے پی اپنی نشہ مخالف مہم کو فیصلہ کن کامیابی تک پہنچانے کے لیے پابند عہد ہے۔
امن و قانون کی صورت حال پر سوال اٹھاتے ہوئے نوین نے کہا کہ پنجاب میں جرائم اور گینگسٹر ازم کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں پولیس اہلکار اور پولیس تھانے تک محفوظ نہیں ہیں، جبکہ خواتین کو بھی بنیادی تحفظ فراہم نہیں ہو پا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ صنعتوں کے بند ہونے اور روزگار کے مواقع کم ہونے کے باعث نوجوان مجبوری میں دوسری ریاستوں اور بیرون ملک نقل مکانی کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بھگونت مان پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب کو اروند کیجریوال کی جیبیں بھرنے کے لیے ’اے ٹی ایم‘ بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے بجائے سیاسی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے اور تبدیلی کے نام پر عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ ریاستی حکومت کے تشہیر پر مبنی ’کروڑ پتی‘ پروگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے نوین نے کہا کہ حکومت لاکھوں نوجوانوں کو روزگار دینے میں ناکام رہنے کے باوجود ایک نوجوان کو کروڑ پتی بنانے کے پروگرام کی تشہیر کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست کی معاشی حالت کمزور ہو رہی ہے اور حکومت کو مختلف معاملات میں ہائی کورٹ کی جانب سے بھی پھٹکار لگائی جا رہی ہے۔
کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ آئین کے تحفظ کی بات کرنے والی کانگریس نے ہی ایمرجنسی کے دوران آئین کی بنیادی روح کو نقصان پہنچایا تھا۔ انہوں نے 1984 کے سکھ قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جس دن سکھوں کا قتل عام ہوا، اسی دن کانگریس لیڈروں نے دہلی کے رام لیلا میدان میں ریلی نکالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگ اس دور کو نہیں بھولے ہیں۔
لوک سبھا میں لیڈر حزب اختلاف راہل گاندھی پر تبصرہ کرتے ہوئے نوین نے کہا کہ وزیر اعظم مودی دنیا بھر میں ہندوستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور قومی وقار کو فروغ دے رہے ہیں، جبکہ راہل گاندھی بیرون ملک ہندوستانی جمہوریت پر سوال اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی اقتصادی فورم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جہاں عالمی ادارے ہندوستان کی معاشی ترقی کی ستائش کر رہے ہیں، وہیں کانگریس کی قیادت ملک کی صورت حال کی منفی تصویر پیش کر رہی ہے۔
قومی سلامتی کے معاملے پر نوین نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان اپنی سرحدوں اور سلامتی سے متعلق معاملات پر مضبوط موقف اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو دھمکی دینے والوں کو ہندوستان منہ توڑ جواب دیتا ہے۔ انہوں نے سرحدی گاؤں کو ملک کے آخری گاؤں کے بجائے پہلے گاؤں کے طور پر دیکھنے کی پالیسی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے پنجاب کے لوگوں سے بی جے پی اور این ڈی اے کی حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ ہونا ملک کے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بننے کے ہدف کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے گرو رویداس جی کے نعروں کے درمیان اپنے خطاب کا اختتام کیا۔
اس موقع پر پنجاب بی جے پی کے صدر کیول سنگھ ڈھلوں، پارٹی کے پنجاب امور کے انچارج اور قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر ستیش پونیا، معاون انچارج وریندر سچدیوا اور الکا گُرجَر، راجیہ سبھا کے رکن ترون چُگ، قومی نائب صدر من پریت سنگھ بادل، اشونی شرما، سنیل جاکھڑ، وجے سانپلا، منورنجن کالیا، شویت ملک، اویناش رائے کھنہ، سندیپ پاٹھک، راجیہ سبھا کے رکن ستنام سنگھ سندھو، راجیش بگا، انیل سرین، رجنیس دھیمان، پرمیندر برار، شیتل انگورال، چرن جیت سنگھ اٹوال، سشیل رنکو اور اشوک سرین سمیت کئی سینئر لیڈر موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن