
ڈھاکہ، 18 نومبر(ہ س)۔ بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی رہنما شیخ حسینہ کی دسمبر میں وطن واپسی کے اعلان اور حکومت کے منفی موقف کے درمیان ملک میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے لگی ہے۔ گزشتہ شب شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں تشدد کے واقعات کے بعد تنگی پاڑہ ذیلی ضلع میں کشیدگی برقرار ہے۔ علاقے کی سڑکوں پر درختوں کے بڑے بڑے تنے ڈال کر راستے بند کر دیے گئے ہیں، جس کے باعث تنگی پاڑہ اور آس پاس کے علاقوں کے درمیان سڑک رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ گوپال گنج بنگلہ دیش کے بانی بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمن اور ان کی بیٹی شیخ حسینہ کا آبائی علاقہ ہے۔ شیخ حسینہ کی جائے پیدائش بھی اسی ضلع کے تنگی پاڑہ ذیلی ضلع میں واقع ہے۔
’دی ڈیلی اسٹار‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ شب نیلفا بازار میں بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کی چار گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ یہ گاڑیاں آج صبح 9 بجے تک بھی سلگ رہی تھیں۔ تنگی پاڑہ کے ذیلی ضلع انتظامی افسر محمد دیدارالعالم نے بتایا کہ نیلفا بازار سے تنگی پاڑہ تک پوری سڑک درختوں کے تنوں سے بند کردی گئی ہے۔ ان کے مطابق حالات ایسے ہیں کہ انتظامیہ کے لوگ بھی باہر نہیں نکل رہے ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ نیلفا بازار چوراہے سے تنگی پاڑہ تک تقریباً 12 کلومیٹر طویل سڑک پر کئی مقامات پر درختوں کے بڑے بڑے تنے ڈال دیے گئے ہیں، جس سے آمد و رفت مکمل طور پر ٹھپ ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تنے قریبی آرا مشینوں سے لاکر سڑکوں پر ڈالے گئے ہیں۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام ہی راستے بند کرنے کا عمل شروع ہوگیا تھا۔ اس دوران تنگی پاڑہ کی طرف جانے والی گاڑیوں اور بی جی بی کی بکتر بند گاڑیوں کو نیلفا بازار میں روک لیا گیا، جس کے بعد بی جی بی کی چار گاڑیوں کو نذرِ آتش کردیا گیا۔
نیلفا بازار کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل کے ملازم حسن غازی نے بتایا کہ گزشتہ شام پولیس کی ایک گاڑی کو بھی وہاں روک لیا گیا تھا۔ ان کے مطابق علاقے میں کاروباری سرگرمیاں تقریباً مکمل طور پر بند ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک کے حالات بہتر ہوں، لیکن یونس حکومت کے دور میں بھی عوام کے حالات اچھے نہیں تھے اور بی این پی حکومت میں بھی صورت حال میں کوئی خاص بہتری نہیں آئی ہے۔ انہیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہوں گے۔
دوسری جانب تنگی پاڑہ کی رہائشی بیتی مجومدار نے کہا کہ لوگ امن چاہتے ہیں اور تشدد کے ایسے واقعات کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خوف کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کے خیال میں تمام سیاسی جماعتوں کو بات چیت کے ذریعے اپنے اختلافات حل کرنے چاہئیں، کیونکہ یہی عوام کے مفاد میں ہے۔تنگی پاڑہ کے سنگی پاڑہ علاقے کے رہنے والے وین ڈرائیور رحیم شیخ نے بتایا کہ سڑکیں مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے لوگ روزگار کے لیے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات معمول پر آنے تک ان کی آمدنی بند رہے گی اور وہ اس انتظار میں ہیں کہ آگے کیا صورت حال پیدا ہوتی ہے۔اس دوران مقامی لوگوں نے بتایا کہ عوامی لیگ کے کارکن گوپال گنج شہر کے چورانگی علاقے اور مختلف چوراہوں پر جمع ہوکر تعینات ہوگئے ہیں۔ علاقے میں لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے شیخ مجیب الرحمن کی تقاریر بھی نشر کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan