
علی گڑھ، 17 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے سیلونِس اکیڈمی کے اشتراک سے ایم بی اے سال آخر کے طلبہ کے لیے ‘‘کاروبار کے لئے پروسیس انٹلی جینس اور اینالیٹکس میں مصنوعی ذہانت ’’ کے موضوع پر ایک آن لائن ورکشاپ منعقد کی۔
سیلونِس کی ایشیا پیسیفک اکادمک الائنس کی لیڈ پارٹنر منیجر محترمہ پورنیما ڈھل نے ورکشاپ کے دوران بتایا کہ پروسیس مائننگ اورپروسیس انٹلی جینس کس طرح کاروباری اداروں کو ورک فلو میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنے، کارکردگی بہتر بنانے اور فیصلہ سازی کو مؤثر بنانے میں مدد دیتی ہے۔ انہوں نے پروسیز آٹومیشن میں ایجنٹک اے آئی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور سیلونِس کانٹیکسٹ ماڈل، خریداری سے متعلق ڈیش بورڈز، کنٹرول ٹاور اور پروسیس انٹیلی جنس گراف کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
اس نشست میں سیلونِس اکیڈمی کے ذریعے طلبہ کو لرننگ اور کریئر مواقع سے بھی متعارف کرایا گیا، جس کے بعد اس پلیٹ فارم کے عملی استعمال سے متعلق ایک تعاملی نشست ہوئی۔
فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ڈین پروفیسر محمد نوید خاں نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور صنعت و تعلیم کے شعبوں کے درمیان اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد نے کاروباری فیصلہ سازی میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔
ڈاکٹر لمے بن صابر نے اظہارِ تشکر کیا، جبکہ ایم بی اے سال آخر کی طالبہ مس اِلسا اسرائیل نے پروگرام کی نظامت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ