دس سال میں ملیریا اور اس سے ہونے والی اموات میں تقریباً 80 فیصد کمی: صدر جمہوریہ
- صدر دروپدی مرمو نے آئی سی ایم آر-نیشنل ملیریا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح کیا
صدر دروپدی مرمو نے آئی سی ایم آر-نیشنل ملیریا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح کیا


نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ہندوستان نے ملیریا پر قابو پانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ سال 2015 سے 2025 کے درمیان ملک میں ملیریا کے معاملات اور اس سے ہونے والی اموات میں تقریباً 80 فیصد کمی درج کی گئی ہے۔ ملیریا سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع کی تعداد بھی 155 سے گھٹ کر 33 رہ گئی ہے۔ سال 2022 سے 2025 کے دوران 160 اضلاع میں ملیریا کا ایک بھی مقامی معاملہ سامنے نہیں آیا۔

صدر جمہوریہ منگل کو آئی سی ایم آر کے نیشنل ملیریا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (این آئی ایم آر) کی گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح کر رہی تھیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا بھی موجود تھے۔

صدر مرمو نے کہا کہ ملیریا پر قابو پانے کی اس کامیابی میں سائنس دانوں، صحت کارکنوں، حکومت اور عوام کی اجتماعی کوششوں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے مریضوں کو دواؤں کا مقررہ کورس مکمل کرنے اور بیماری کے دوبارہ حملے سے بچنے کے لیے بیدار کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غیر منصوبہ بند شہری کاری اور مچھروں میں کیڑے مار ادویات کے خلاف بڑھتی مزاحمت نئے چیلنجز ہیں۔ ان سے نمٹنے کے لیے جانچ، علاج، نگرانی اور عوامی بیداری کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

جے پی نڈا نے کہا کہ عالمی ملیریا معاملات میں ہندوستان کا حصہ تقریباً 0.7 فیصد اور اموات میں حصہ 0.6 فیصد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان 2030 تک ملیریا کے خاتمے کا ہدف حاصل کر لے گا۔

تقریب کے دوران صدر جمہوریہ نے ادارے کی گولڈن جوبلی کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا، جبکہ جے پی نڈا نے ادارے کی 50 سالہ تحقیقی خدمات پر مبنی دو کتابوں کا اجرا کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande