اے ایم یو میں عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر بیداری پروگرام اور طبی کیمپ منعقد
علی گڑھ، 17 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ معالجات ، شعبہ علم الامراض اور شعبہ علاج بالتدبیر نے ذیابیطس سے متعلق بیداری پروگرام اور طبی کیمپ منعقد کیے۔ شعبہ معالجا
بیداری


علی گڑھ، 17 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ معالجات ، شعبہ علم الامراض اور شعبہ علاج بالتدبیر نے ذیابیطس سے متعلق بیداری پروگرام اور طبی کیمپ منعقد کیے۔

شعبہ معالجات نے میڈیکل سروس سوسائٹی ، نئی دہلی کے اشتراک سے ہمدرد نگر، جمال پور کے عبدالحمید انڈس پبلک اسکول میں مفت طبی کیمپ منعقد کیا۔ اس کیمپ میں تقریباً 180 افراد نے طبی رہنمائی، ذیابیطس کی جانچ اور مفت ادویات سے استفادہ کیا۔

طبی ٹیم میں ڈاکٹر مرسلین نصیر اور ڈاکٹر ایس جاوید علی، پوسٹ گریجویٹ طلبہ ڈاکٹر عبداللہ فیض الحسن، ڈاکٹر سلیقہ محمد، ڈاکٹر فواز ناصر، ڈاکٹر زہینہ سعد اور ڈاکٹر تسنیم پروین، نیز بی یو ایم ایس انٹرنز محمد فرمان اور گل حسن شامل تھے۔ شعبہ کے چیئرمین پروفیسر بدرالدجیٰ خاں نے ٹیم کی کوششوں اور معاون تنظیم کے تعاون کو سراہا۔

شعبہ علم الامراض نے چیئرپرسن ڈاکٹر عطاء اللہ فہد کی رہنمائی میں پروجیکٹ امید ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پولیس لائنز، علی گڑھ میں ذیابیطس سے متعلق بیداری اور طبی جانچ کا پروگرام منعقد کیا۔ اس موقع پر 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کے فشارِ خون، نبض کی رفتار، جسمانی کمیت کے اشاریے، خون میں شکر کی سطح اور گلائیکیٹڈ ہیموگلوبن (ایچ بی اے ون سی) کی جانچ کی گئی۔ ایس پی کرائم محترمہ ممتا کوریل نے متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ندا سلطانہ نے ذیابیطس کی علامات، خطرے کے عوامل، پیچیدگیوں اور احتیاطی تدابیر پر بیداری لیکچر دیا۔ ڈاکٹر عطا ء اللہ فہد نے مرض کی بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام میں ریزرو انسپکٹر جناب شیو کمار، ڈاکٹر محسن مسعود، ڈاکٹر عشرت علی، اساتذہ اور پوسٹ گریجویٹ اسکالرز نے شرکت کی۔ ایڈوکیٹ ندیم انجم اور پروجیکٹ امید ویلفیئر فاؤنڈیشن کے صدر عادل جواہر بھی موجود تھے۔

شعبہ علاج بالتدبیر نے اجمل خاں طبیہ کالج کی صد سالہ تقریبات کے تحت ‘‘ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدام’’ کے موضوع پر خون میں شکر کی سطح اور ہڈیوں کی معدنی کثافت (بی ایم ڈی) کی مفت جانچ کے لیے ایک کیمپ منعقد کیا۔ فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کی ڈین پروفیسر سیدہ آمنہ ناز اور اجمل خاں طبیہ کالج کے پرنسپل پروفیسر بدرالدجیٰ خاں نے کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس میں 150 مریضوں اور یونیورسٹی ملازمین کی طبی جانچ کی گئی۔ خون میں شکر کی سطح اور ہڈیوں کی معدنی کثافت کے جائزے کے ساتھ شرکاء کو عضلات و ہڈیوں سے متعلق امراض کی جانچ کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ ضرورت مند افراد کو کیلشیم اور وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ مفت فراہم کیے گئے اور طرزِ زندگی سے متعلق مشورے دیے گئے۔

پروگرام میں شعبہ علاج بالتدبیر کی چیئرپرسن پروفیسر آسیہ سلطانہ، ڈاکٹر ایم سعد اے خاں، ڈاکٹر محمد شعیب، ڈاکٹر صفیہ عثمانی، ڈاکٹر شمامہ عثمانی، پوسٹ گریجویٹ اسکالرز، انٹرنز اور پی جی ڈپلوما کے طلبہ نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande