اے ایم یو کے شعبہ پلاسٹک سرجری نے بین الاقوامی کورس اور قومی کانفرنس کے ساتھ 50 سالہ جشن منایا
علی گڑھ، 17 نومبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ پلاسٹک سرجری نے اپنی خدمات کے 50 سال مکمل ہونے پر دو روزہ علمی پروگرام منعقد کیا، جس میں اے او سی ایم ایف بین الاقوامی کورس، سر و گردن کے علاج (ری کانسٹرکشن) پر قومی کانفرنس اور سابق طلبہ
پلاسٹک سرجری


علی گڑھ، 17 نومبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ پلاسٹک سرجری نے اپنی خدمات کے 50 سال مکمل ہونے پر دو روزہ علمی پروگرام منعقد کیا، جس میں اے او سی ایم ایف بین الاقوامی کورس، سر و گردن کے علاج (ری کانسٹرکشن) پر قومی کانفرنس اور سابق طلبہ کی تقریب شامل تھی۔ پروگرام میں ملک بھر سے نامور پلاسٹک سرجنز، سر و گردن کے سرجن، چہرے اور جبڑے کے سرجن، زخموں کی نگہداشت کے ماہرین، محققین، پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور سابق طلبہ نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز آف انڈیا (اے پی ایس آئی) کی صدر اور سیٹھ جی ایس میڈیکل کالج و کے ای ایم اسپتال، ممبئی کے شعبہ پلاسٹک سرجری کی سربراہ پروفیسر وینیتا پوری، نیز میدانتا اسپتال، گروگرام کے پلاسٹک سرجری ڈویژن کے وائس چیئرمین اور اے او سی ایم ایف انڈیا کے نمائندے ڈاکٹر سنجے مہندرو نے مہمانان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نعیمہ خاتون نے شعبے کی دستیابیوں اور طبی تعلیم و مریضوں کی نگہداشت میں اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص شعبہ پلاسٹک سرجری کے چیئرمین پروفیسر ایم فہد خرم کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے ایک امتحانی ہال کو کانفرنس کے لیے ایک دیدہ زیب آڈیٹوریم میں تبدیل کیا۔ انہوں نے جدید طب میں پلاسٹک سرجنز کی تاریخی خدمات کا بھی ذکر کیا، جن میں اعضا کی پیوندکاری اور ری کانسٹرکٹیو سرجری کے شعبوں میں پیش رفت شامل ہے۔ انہوں نے اس تخصص کے لیے پروفیسر وینیتا پوری کی خدمات کو سراہنے کے ساتھ ساتھ اے او سی ایم ایف کے اشتراک سے اے ایم یو کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں ڈاکٹر سنجے مہندرو کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔

پروفیسر وینیتا پوری نے یونیورسٹی کیمپس اور شعبے کی سہولیات کو سراہا۔ ڈاکٹر سنجے مہندرو نے شعبے کے سابق طلبہ کے درمیان مضبوط روابط کی تعریف کرتے ہوئے ان کے اتحاد کو شعبے کی دیرپا ادارہ جاتی روایت کا عکاس قرار دیا۔

علمی پروگرام میں اے او سی ایم ایف کا بین الاقوامی کورس شامل تھا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے 13 فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ کورس میں کرینیومیکزیلوفیشیئل ٹراما مینجمنٹ ، سرجری تکنیکوں، چہرے کی بازتعمیر اور پیچیدہ زخموں کے کثیر شعبہ جاتی علاج پر روشنی ڈالی گئی۔

سر و گردن کے ری کانسٹرکشن پر مبنی قومی کانفرنس میں 6 سائنسی نشستیں منعقد ہوئیں، جن میں چہرے، سر کی جلد، ناک اور کان کی باز تعمیر، نچلے اور بالائی جبڑے کی بازتعمیر، فری فبیولا فلیپ سرجری، کمپیوٹر ایڈیڈ ڈیزائن و مینوفیکچرنگ (سی اے ڈی، سی اے ایم) کے استعمال، چہرے کی حرکات کی بحالی، پیچیدہ نقائص اور سرطان کے علاج میں کثیر شعبہ جاتی نگہداشت جیسے موضوعات شامل تھے۔

ماہرین کے مباحثوں اور پینل ڈسکشن میں ری کانسٹرکٹیو سرجری کی جدید تکنیکوں اور درپیش چیلنجوں کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر شعبے کی جدید سیمولیشن لیبارٹری کا افتتاح بھی عمل میں آیا، جسے ٹکنالوجی کی مدد سے سرجری کی تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس لیبارٹری میں تھری ڈی پرنٹنگ، کمپیوٹر کی مدد سے سرجری کی منصوبہ بندی، تھری ڈی امیجنگ، ورچوئل ریئلٹی پر مبنی تعلیم، کارٹیلیج کاورنگ، ٹانکے لگانے اور مائیکرو سرجیکل سیمولیشن ، نیز تھرمل امیجنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

فیکلٹی آف میڈیسن کی قائم مقام ڈین پروفیسر سنگیتا سنگھل اور جے این ایم سی کے پرنسپل پروفیسر انجم پرویز نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے طبی تعلیم اور صحت کی نگہداشت میں شعبے کی خدمات کو اجاگر کیا اور علمی پروگرام کے انعقاد کی کوششوں کو سراہا۔ پروفیسر عمران احمد نے قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے، پیشہ ورانہ تبادلہ خیال کی حوصلہ افزائی اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

شعبہ پلاسٹک سرجری کے چیئرمین پروفیسر ایم فہد خرم نے یونیورسٹی انتظامیہ، مہمانوں، اساتذہ، مندوبین، سابق طلبہ اور معاون اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گولڈن جوبلی تقریب کو شعبے کے بانی مرحوم پروفیسر ایم ایچ خاں کے وژن اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین قرار دیا، جنہوں نے 1977 میں جے این ایم سی میں پلاسٹک سرجری خدمات کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے ان تمام اساتذہ اور سرجنز کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے طبی خدمات، تدریس، تحقیق اور اختراع کے میدان میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید پر زور دیا۔

سابق طلبہ کے اجتماع میں شعبے کے سابق طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس تقریب نے انہیں ایک دوسرے سے دوبارہ ملنے، اپنے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کرنے اور ہندوستان و بیرون ملک خدمات انجام دینے والے سابق طلبہ کی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع فراہم کیا۔

آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر سرفراز علی نے اظہارِ تشکر کیا، جبکہ ڈاکٹر کریتی شیکھر اور ڈاکٹر فہدالدین انصاری نے پروگرام کی نظامت کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande