
منیلا، 17 نومبر(ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز منیلا میں تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چرنویراکل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مودی نے انہیں عہدہ سنبھالنے پر ذاتی طور پر مبارک باد پیش کی اور ان کے کامیاب دورِ اقتدار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو تجارت، دفاع و سلامتی، رابطہ کاری اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں نئی رفتار دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور تھائی لینڈ سمندری پڑوسی ہیں اور دونوں ممالک صدیوں پرانی مشترکہ تاریخ، ثقافت اور روحانی روایات کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مختلف شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق، یہ ملاقات 23ویں ہندوستان-آسیان سربراہی اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ اپریل 2025 میں وزیر اعظم مودی کے تھائی لینڈ دورے کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا تھا۔
ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی، رابطہ کاری، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مالیاتی ٹیکنالوجی، ثقافت، سیاحت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔دونوں وزرائے اعظم نے خلیج بنگال کثیر شعبہ جاتی تکنیکی و اقتصادی تعاون اقدام (بمسٹیک)، انڈین اوشین رم ایسوسی ایشن (آئی او آر اے)، میکونگ-گنگا تعاون اور آسیان کی قیادت والے علاقائی فورمز میں مشترکہ طور پر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور ہندوستان-تھائی لینڈ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزارت خارجہ کے مطابق، ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تہذیبی اور ثقافتی ورثے، عوامی روابط اور باہمی اعتماد پر مبنی دیرینہ دوستی ہے۔ تھائی لینڈ، ہندوستان کی ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ اور آسیان کے ساتھ وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت ایک اہم شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan