جماعت اسلامی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کی خودمختاری کے حق میں ہندوستان کے ووٹ کا خیرمقدم کیا
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ جماعت اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے 11 نومبر 2026 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد کے حق میں ہندوستان کے ووٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس قرارداد میں فلسطینی عوام کے اپنے قدرتی وسائل، یعنی زمین،
JAMAt-E-ISLAMI-PALESTINE-INDIA-VOTE-UN


نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ جماعت اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے 11 نومبر 2026 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد کے حق میں ہندوستان کے ووٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس قرارداد میں فلسطینی عوام کے اپنے قدرتی وسائل، یعنی زمین، پانی اور توانائی پر حقوق کی توثیق کی گئی ہے۔

میڈیا کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کے حق میں ہندوستان کا ووٹ ایک قابل خیرمقدم قدم ہے۔ یہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت میں ہندوستان کے تاریخی موقف اور ناانصافی کے خلاف اس کی آواز کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان نے اقوام متحدہ کے 150 دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ اسرائیل اور امریکہ ان سات ممالک میں شامل تھے جنہوں نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ جماعت اسلامی کے صدر نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ہندوستان کو اسرائیل کے ساتھ کھڑا اور فلسطینیوں کا مخالف ظاہر کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، یہ ضروری ہے کہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے ہندوستان کی حمایت کو تسلیم کیا جائے اور اس کی ستائش کی جائے۔ فلسطین کی حمایت کرنا اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا ہندوستان کے قومی مفاد میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس قرارداد میں فلسطینی عوام کے اپنے قدرتی وسائل پر حقوق کی دوبارہ توثیق کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون، بشمول بین الاقوامی انسانی قانون، کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیاں اور وہاں تعمیر کی جانے والی دیوار بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں۔ ان اقدامات کے باعث فلسطینی عوام اپنے قدرتی وسائل سے بڑے پیمانے پر محروم ہو رہے ہیں۔

قرارداد میں پانی کی پائپ لائنوں، سیوریج نیٹ ورک اور بجلی کے نظام جیسے اہم بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے ساتھ فلسطینی مکانات، شہری بنیادی ڈھانچے، زرعی زمینوں اور پانی کے کنووں کو منہدم کرنے اور ضبط کرنے کی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

جماعت کے صدر نے کہا کہ ہندوستان تاریخی طور پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے حق میں اپنا موقف برقرار رکھتا آیا ہے اور ہمیشہ ناانصافی کے خلاف کھڑا رہا ہے۔ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ انصاف کے لیے آواز اٹھانے والوں کو اپنے ہی ملک میں دباو اور جبر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے کے حق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ حکومت اور انتظامی حکام کو یقینی بنانا چاہیے کہ فلسطین کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کی وجہ سے کارکنوں، طلبہ، شہری سماجی تنظیموں اور بیدار شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی کی جائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande