بھارت - آسیان مشترکہ اعلامیہ : آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے اور ابتدائی انتباہی نظام اور مشترکہ مشقوں پر زور
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ بھارت اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے آفات کے انتظام کے شعبے میں تعاون مضبوط بنانے، زلزلے، سونامی، سیلاب اور سمندری طوفان جیسی قدرتی آفات کے لیے ابتدائی انتباہی نظام کو بہتر بنانے اور ہنگامی حالات میں فوری
بھارت اور آسیان آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھائیں گے، ابتدائی انتباہی نظام اور مشترکہ مشقوں پر زور


نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ بھارت اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے آفات کے انتظام کے شعبے میں تعاون مضبوط بنانے، زلزلے، سونامی، سیلاب اور سمندری طوفان جیسی قدرتی آفات کے لیے ابتدائی انتباہی نظام کو بہتر بنانے اور ہنگامی حالات میں فوری امدادی و بچاؤ کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

منیلا میں منگل کو منعقدہ 23ویں آسیان-بھارت سربراہی اجلاس کے موقع پر جاری مشترکہ اعلامیے میں دونوں فریقوں نے آفات کے انتظام کے پورے عمل میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ اس میں آفات کی روک تھام، تیاری، امداد و بچاؤ کی کارروائیاں اور باز آبادکاری بھی شامل ہیں۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق، بھارت کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور آسیان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی نیز اے ایچ اے سینٹر کے درمیان باقاعدہ مشاورت کو مضبوط بنایا جائے گا۔ اس کے ذریعے آفات کے انتظام سے متعلق مشترکہ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرکے مشترکہ کارروائی کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔

دونوں فریق زلزلے، سونامی، سیلاب، سمندری طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ جیسی آفات کے لیے ابتدائی انتباہی نظام کے حوالے سے تعاون بڑھائیں گے۔ اس کے تحت رضاکارانہ بنیادوں پر سیٹلائٹ ڈیٹا، زلزلوں کی نگرانی سے متعلق معلومات اور موسمی پیش گوئیوں کے تبادلے پر زور دیا گیا ہے۔ آفات کے خطرات کے جائزے، نگرانی اور پیش گوئی کے لیے خلائی ٹیکنالوجی پر مبنی اعداد و شمار اور تکنیک کے استعمال کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

اعلامیہ میں آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو مضبوط بنانے کے لیے باقاعدہ تربیت، فرضی مشقوں اور آفات سے نمٹنے والے اہلکاروں کے تبادلے کے نظام کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ متاثرہ ملک کی درخواست یا رضامندی سے انسانی امداد اور آفات سے متعلق امدادی سامان کی فوری فراہمی کو بھی آسان بنایا جائے گا۔

دونوں فریقوں نے انسانی امداد اور آفات سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے شعبے میں آسیان کے رکن ممالک اور بھارت کی مسلح افواج اور شہری تحفظ کی ایجنسیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ یہ تعاون اے ڈی ایم ایم پلس فریم ورک کے تحت متعلقہ اداروں کے دائرۂ اختیار کے مطابق ہوگا۔ اس میں شہری انتظامیہ کے بنیادی کردار اور فوجی وسائل کے استعمال کو آخری متبادل کے طور پر رکھنے کی بات کہی گئی ہے۔

مشترکہ اعلامیہ میں آفات کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے تجربات کے ساتھ ماحول دوست اقدامات کے تبادلے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور بحالی کے عمل میں خواتین، نوجوانوں، بزرگوں اور معذور افراد کی بامعنی شرکت یقینی بنانے اور کمزور و حساس طبقات کی صلاحیت سازی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

آفات کے انتظام میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مشین لرننگ اور بڑے پیمانے پر ڈیٹا کے تجزیے کے محفوظ، ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے ذریعے آفات کے خطرات کا جائزہ لینے، ابتدائی انتباہی نظام اور امدادی کارروائیوں کے درمیان تال میل کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ دونوں فریقوں کے تحقیقی اداروں کے درمیان آفات کا مقابلہ کرنے والی ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کے معیارات پر تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، آفات کے انتظام سے وابستہ افسران کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرام، وظائف اور تکنیکی تبادلے کے نظام کو فروغ دیا جائے گا۔ بھارت کا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم) اور آسیان کا اے ایچ اے سینٹر اس سلسلے میں صلاحیت سازی کے پروگراموں میں تعاون کریں گے۔

مشترکہ اعلامیے میں متعلقہ آسیان اداروں اور بھارت کی ہم منصب ایجنسیوں کو 2026 سے 2030 کے آسیان-بھارت ایکشن پلان کے مطابق اس تعاون کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹھوس سرگرمیوں کی نشاندہی کرنے اور موجودہ نظام کے تحت پیش رفت کی معلومات فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بھارت اور آسیان کے ممالک زلزلے، سونامی، سیلاب، سمندری طوفان، شدید گرمی اور لینڈ سلائیڈنگ جیسی قدرتی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی آفات کے خطرات کا سامنا کرتے ہیں۔ دونوں فریقوں نے تسلیم کیا کہ ان آفات کا سب سے زیادہ اثر کمزور اور حساس حالات میں زندگی گزارنے والے لوگوں پر پڑتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande