
ممبئی، 17 نومبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے پال گھر ضلع میں پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اور چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت قائم کی جائے گی۔ ریاستی کابینہ نے منگل کو اس فیصلے کو منظوری دے دی۔
کابینہ نے ضلع سرکاری وکیل کا دفتر قائم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے لیے 79 نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی، جبکہ دیگر عدالتوں سے 29 اسامیاں منتقل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 39 اسامیوں کے لیے آو¿ٹ سورسنگ کے ذریعے خدمات حاصل کی جائیں گی۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے لیے 16 نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی، جبکہ تین اسامیوں پر آو¿ٹ سورسنگ کے ذریعے بھرتی کی جائے گی۔
ضلع سرکاری وکیل کے دفتر کے لیے پانچ نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی اور ایک اسامی پر آو¿ٹ سورسنگ کے ذریعے تقرری کی جائے گی۔تھانے ضلع کی تقسیم کے بعد یکم اگست 2014 کو پال گھر ضلع وجود میں آیا تھا۔ اس میں پال گھر، وسئی، ڈہانو، تلاسری، جوہار، واڑا، موکھاڈا اور وکرم گڑھ تحصیلیں شامل ہیں۔ اسی تناظر میں ہائی کورٹ کی نئی عدالتی قیام کمیٹی نے تھانے عدالتی ضلع کو تقسیم کرکے پال گھر کو نیا عدالتی ضلع بنانے اور وہاں ضلع و سیشن عدالت اور چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔
اسی کے مطابق کابینہ نے پال گھر میں دونوں عدالتیں اور سرکاری وکیل کا دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے اہم دیوانی اور فوجداری اپیلوں، انتظامی فیصلوں اور بڑے مقدمات کے سلسلے میں جوہار، موکھاڈا، ڈہانو اور تلاسری جیسے دور دراز علاقوں کے شہریوں کو انصاف کے لیے تھانے تک طویل سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ پورے ضلع کی تمام ماتحت عدالتوں کی نگرانی اور عدالتی کام کاج میں تیزی لانے کے لیے پال گھر میں کل وقتی پرنسپل ڈسٹرکٹ جج اور چیف جوڈیشل مجسٹریٹ دستیاب ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد