دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی میں بہتری کے بعد گریپ-3 کی پابندیاں ہٹائی گئیں
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ دہلی-این سی آر میں ہوا کے معیار میں بہتری کے پیش نظر فضائی معیار کے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) نے گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے تیسرے مرحلے کی پابندیاں فوری اثر سے ہٹا دی ہیں۔ منگل کو منعقدہ جائزہ میٹنگ میں
CAQM-GRAP-3-RESTRICTION-REVOKE


نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ دہلی-این سی آر میں ہوا کے معیار میں بہتری کے پیش نظر فضائی معیار کے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) نے گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے تیسرے مرحلے کی پابندیاں فوری اثر سے ہٹا دی ہیں۔ منگل کو منعقدہ جائزہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ تاہم، علاقے میں گریپ کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے تحت نافذ تمام پابندیاں برقرار رہیں گی۔

کمیشن کے مطابق، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے روزانہ جاری ہونے والے ہوا کے معیار کے بلیٹن کے مطابق منگل کو دہلی کا اوسط فضائی معیار اشاریہ (اے کیو آئی) 204 درج کیا گیا، جو خراب زمرے میں آتا ہے۔ہوا کے معیار میں بہتری کے رجحان کو دیکھتے ہوئے کمیشن کی گریپ ذیلی کمیٹی نے موجودہ صورت حال اور موسمی پیش گوئیوں کا جائزہ لیا۔

ذیلی کمیٹی نے محکمہ موسمیات اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی کی پیش گوئیوں کا بھی جائزہ لیا۔اندازوں کے مطابق، آنے والے دنوں میں دہلی کی فضائی کیفیت خراب سے انتہائی خراب زمرے میں رہنے کا امکان ہے۔ اس کے باوجود 6 نومبر کو نافذ کیے گئے گریپ کے تیسرے مرحلے کو فوری اثر سے واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم، کمیشن کے 30 اکتوبر کے حکم کے تحت 5 سے 20 نومبر تک نافذ بعض خصوصی پابندیاں برقرار رہیں گی۔ ان کے تحت پورے این سی آر میں مستثنیٰ منصوبوں کو چھوڑ کر دھول پیدا کرنے والی توڑ پھوڑ اور کھلے مقامات پر تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی جاری رہے گی۔

دہلی اور آس پاس کے اضلاع میں ریاستی حکومت اور نجی دفاتر کو زیادہ سے زیادہ 50 فیصد ملازمین کی جسمانی موجودگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت بھی نافذ رہے گی۔کمیشن نے متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کو گریپ کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے تمام اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی آلودگی کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھنے اور ضرورت پڑنے پر مزید فیصلے کرنے کی بات کہی ہے۔

کمیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑیوں کی باقاعدگی سے دیکھ بھال کریں، پی یو سی سرٹیفکیٹ اپ ڈیٹ رکھیں، ٹریفک سگنل پر سرخ بتی ہونے کے دوران انجن بند رکھیں اور نجی گاڑیوں کے بجائے عوامی ٹرانسپورٹ یا کار پولنگ کو ترجیح دیں۔ کمیشن نے پرانی اور زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کا استعمال نہ کرنے اور الیکٹرک گاڑیاں اپنانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

اس کے علاوہ شہریوں کو کھلے میں کچرا نہ جلانے، تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں سے نکلنے والے ملبے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے، کھلی جگہوں پر کچرا نہ پھینکنے اور دھول پر قابو پانے کے اقدامات اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شہریوں سے غیر ضروری طور پر ڈیزل جنریٹر استعمال نہ کرنے، پٹاخوں سے گریز کرنے اور آلودگی پھیلانے والی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ موبائل ایپ کے ذریعے دینے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande