اے ایم یو ویمنز کالج طلبہ یونین کی تقریب حلف برداری، خواتین کے 33 فیصد ریزرویشن کی حمایت
علی گڑھ، 17 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج میں نو منتخب طلبہ یونین کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ تقریب میں اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی موجودگی میں صدر انم ریاض، نائب صدر عائشہ خان، اعزازی سکریٹر
ویمنس کالج


علی گڑھ، 17 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج میں نو منتخب طلبہ یونین کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ تقریب میں اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی موجودگی میں صدر انم ریاض، نائب صدر عائشہ خان، اعزازی سکریٹری مریم جان اور آٹھ کابینی اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔

اس موقع پر طلبہ یونین کی صدر انم ریاض، نائب صدر عائشہ خان اور اعزازی سکریٹری مریم جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کے مسائل کا حل اور ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ویمنس کالج کی طالبات کو یونیورسٹی میں دستیاب تمام بنیادی سہولیات یکساں طور پر ملنی چاہئیں۔

نو منتخب عہدیداران نے ڈائننگ، لائبریری، آؤٹنگ سمیت دیگر سہولیات سے متعلق مسائل کو بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کے ساتھ کسی بھی طرح کا امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کو سنجیدگی سے اقدامات کرنے چاہئیں۔

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر انم ریاض اور اعزازی سکریٹری مریم جان نے ملکی سیاست میں خواتین کی مؤثر شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے لوک سبھا اور اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے لیے خصوصی اجلاس بلائے جانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے اور موجودہ وقت کی ضرورت بھی ہے۔

اس موقع پر اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے طالبات کے مسائل کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے کہا کہ وہ ویمنس کالج کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، کیونکہ وہ خود بھی اسی کالج کی طالبہ رہی ہیں اور تقریباً دس سال تک ویمنس کالج کی پرنسپل کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبات کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیاز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ اور ملازمین کو ہدایت دی کہ طالبات کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ڈائننگ، لائبریری، آؤٹنگ اور دیگر ضروری سہولیات سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

پروگرام کے اختتام پر ویمنز کالج اسٹوڈنٹ یونین کی الیکشن آفیسر پروفیسر نازیہ حسن نے اظہار تشکر کیا۔ اس سے قبل ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر شگفتہ امتیاز نے استقبال کیا۔ یونیورسٹی ترانہ اور قومی ترانے کے بعد تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر اے ایم یو ویمنس کالج یونین کے کابینہ اراکین جوویریہ رحمن،حبا منال،ذکیہ مرتضیٰ، مہوش،صبیحہ،خوشبو پروین،آمینہ خانم اور فاطمہ حسن سمیت یونیورسٹی اساتذہ، طلبہ و طالبات سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande