اے ایم یو میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں اسپورٹس سائنسز میں عالمی اشتراک و تعاون پر زور
علی گڑھ،16 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام حرکت کے تجزیے (موومنٹ اینالیٹکس)، حیاتیاتی طب (بایو میڈیسن) اور ایکسرسائز انٹیگریشن سائنسز پر مبنی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس (میبیکسس-26) جواہر لعل نہرو میڈیکل
سائس


علی گڑھ،16 نومبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام حرکت کے تجزیے (موومنٹ اینالیٹکس)، حیاتیاتی طب (بایو میڈیسن) اور ایکسرسائز انٹیگریشن سائنسز پر مبنی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس (میبیکسس-26) جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج آڈیٹوریم میں کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچی۔ کانفرنس میں بین الاقوامی ماہرین، اساتذہ، طبی ماہرین، محققین اور نوجوان اسکالرز نے شرکت کی اور موومنٹ سائنسز، بایومیڈیسن، ایکسرسائز ریسرچ، اسپورٹس میڈیسن، بایو میکینکس ، بازآبادکاری ، کھیلوں سے متعلق قوانین اور کھیلوں کی معاشیات میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ کانفرنس کا افتتاح اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا۔ منگلا یتن یونیورسٹی، علی گڑھ کے وائس چانسلر پروفیسر پی کے دشورہ مہمانِ خصوصی، جبکہ پروفیسر جاوید علی مہمانِ ذی وقار تھے۔

بین الاقوامی ریسورس پرسنز میں روس سے پروفیسر اسٹینسلاو بوبوفکن، پروفیسر وکٹر ماچیکھن، پروفیسر میخائل نباتوف، پروفیسر اولگا ٹروفیمینکو، پروفیسر پاولوس کیپوراس، پروفیسراناستاسیا شینا، پروفیسر ویلری لاپشین اور پروفیسر میخائل اوسپینسکی؛ جنوبی افریقہ سے پروفیسر یوون پال؛ مصر سے پروفیسر معتز باللہ حسنین؛ سعودی عرب سے پروفیسر سعید الاشکر اور ڈاکٹر محمد احسن؛ عراق سے ڈاکٹر حسین الغزال اور ڈاکٹر علی عزیز عنید اور سعودی عرب سے ڈاکٹر شبیلی نعمانی شامل تھے۔

اکیڈمک نشستوں میں موومنٹ اینالیسز، گیٹ اینالیسز، اسپورٹس بایومیکینکس، ایکسرسائز فزیالوجی، بحالئ صحت اور صحت کی احتیاطی نگہداشت کے موضوعات پر ماہرین کے خطبات ہوئے اور تحقیقی مقالات پیش کئے گئے۔ شرکاء نے بین الاقوامی تحقیقی اشتراک، شواہد پر مبنی اسپورٹس پریکٹیسز اور کھلاڑیوں کی کارکردگی اور انسانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹکنالوجی کے استعمال کے امکانات پر بھی غور کیا۔

کانفرنس سے قبل بنیادی قلبی و تنفسی امدادِ حیات (بی سی ایل سی) کے موضوع پر ایک تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں پروفیسر عبید صدیقی اور ڈاکٹر شہنا علی نے شرکاء کو قلبی و تنفسی احیاء اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت فراہم کی۔

اختتامی اجلاس میں بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ ایک مکالمہ منعقد ہوا۔ بین الاقوامی مالیاتی انجمن (آئی ایف اے) روس کے نائب صدر پروفیسر وکٹر ماچیکھن مہمانِ خصوصی اور دبئی، متحدہ عرب امارات کے مسٹر فراز عابد مہمانِ اعزازی تھے۔ اس موقع پر تحقیق کے ابھرتے ہوئے رجحانات اور بین الاقوامی علمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانفرنس کا انعقاد پروفیسر اکرام حسین، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور صدر شعبہ فزیکل ایجوکیشن کی سربراہی میں کیا گیا۔ پروفیسر فضل الرحمن کانفرنس کے کنوینر، پروفیسر عبد القیوم خان جوائنٹ آرگنائزنگ سکریٹری اور ڈاکٹر محمد ارشد باری آرگنائزنگ سکریٹری تھے۔ ڈاکٹر باری نے وائس چانسلر، مہمانوں، بین الاقوامی ماہرین، مندوبین، اساتذہ، محققین، طلبہ اور انتظامیہ کمیٹی کے اراکین کا ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande