
نئی دہلی، 16 نومبر(ہ س)۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یہ واضح کیا ہے کہ خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران یا اس کے بعد ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرانے کے لئے فارم 6جمع کرنے والے ووٹروں کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ1950کی دفعہ31کے تحت کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ یہ بات تب بھی نافذ ہوگی، جب ان کا نام پہلے کی ووٹرلسٹ میں شامل رہا ہو۔ یہ وضاحت الیکشن کمیشن کی طرف سے سپریم کورٹ میں داخل ایک ضمنی حلف نامے کے ذریعے دی گئی ہے۔ کمیشن کی جانب سے ڈپٹی الیکشن کمشنر بھانو پرکاش یتورو نے 14 نومبر کو یہ حلف نامہ داخل کیا۔ یہ کارروائی راکیش کمار سنگھ عرف راکیش سنگھ کی عرضی کے تناظر میں کی گئی ہے۔
کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ اس سلسلے میں 3 نومبر کو ہی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل افسران کو واضح ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔
دراصل، فارم 6 بنیادی طور پر نئے ووٹروں کے اندراج کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس فارم میں درخواست گزار کو یہ اعلان کرنا ہوتا ہے کہ اس کا نام پہلے کسی ووٹر لسٹ میں درج نہیں رہا ہے۔ اسی شرط کی وجہ سے ان ووٹروں میں تشویش پیدا ہوگئی تھی جن کے نام خصوصی نظرثانی کے دوران ووٹر لسٹ سے خارج ہوگئے تھے۔
انہیں خدشہ تھا کہ دوبارہ نام درج کرانے کے لیے فارم 6 جمع کرنے کی صورت میں ان کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی دفعہ 31 کے تحت غلط معلومات یا غلط اعلان کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہوسکتا ہے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ محض اس بنیاد پر کسی درخواست گزار کے خلاف فوجداری مقدمہ نہیں چلایا جائے گا کہ اس کا نام پہلے کسی ووٹر لسٹ میں درج تھا۔
تاہم یہ قانونی تحفظ صرف ان درخواست گزاروں کو حاصل ہوگا جن کا نام فی الحال کسی دوسرے پارلیمانی یا اسمبلی حلقے کی ووٹر لسٹ میں درج نہ ہو اور جنہوں نے فارم میں دیگر تمام معلومات درست فراہم کی ہوں۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو یہ بھی بتایا کہ غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ یا دوہرے اندراج کے زمرے میں ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے اہل ووٹروں کو حتمی فہرست کی اشاعت سے پہلے اپنا نام دوبارہ شامل کرانے کا پورا موقع دیا جا رہا ہے۔
کمیشن کے اس وضاحتی موقف سے ان ووٹروں کو راحت ملنے کی توقع ہے جن کے نام خصوصی جامع نظرثانی کے دوران فہرست سے خارج ہوگئے تھے اور جو دوبارہ اندراج کے قانونی طریقہ کار کے حوالے سے خدشات کا شکار تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan