
- دو ہفتوں کے اندر سینئر نوڈل افسر مقرر کرنے کا حکم
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س):۔
سپریم کورٹ نے دریائے جمنا کی بدتر ہوتی صورت حال پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفائی پر بھاری رقم خرچ کیے جانے کے باوجود دریا میں آلودگی کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی ہے۔
جسٹس منوج مشرا کی سربراہی والی بنچ نے اس صورت حال کے لیے دریا کے کنارے آباد شہروں، قصبوں اور دیہات کی شہری انتظامیہ کی ناکامی کو ذمہ دار قرار دیا۔ عدالت نے جمنا بیسن سے وابستہ تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں اور متعلقہ مرکزی وزارتوں کو دو ہفتوں کے اندر سینئر نوڈل افسر مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 13 جنوری 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے تبصرہ کیا کہ جمنا کی خراب حالت اور اس میں گندا پانی چھوڑنے والے 520 نالے دریا کے کنارے آباد علاقوں کے ناقص شہری انتظامی نظام کی عکاسی کرتے ہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ صرف نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) تعمیر کرنے سے دریا صاف نہیں ہوگا، بلکہ صنعتی فضلے اور بغیر صاف کیے گئے سیوریج کو روکنا ہوگا۔
عدالت نے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ریاست، مرکز کے زیر انتظام علاقے اور ضلع میں جمنا اور بڑے نالوں کے داخلی اور خارجی مقامات پر پانی کے معیار کی نگرانی کرے۔
اگر کسی ریاست یا ضلع سے گزرتے وقت پانی کا معیار خراب ہوتا ہے تو متعلقہ انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس پر ماحولیاتی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے تمام ایس ٹی پی، کامن ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ (سی ای ٹی پی) اور بایو گیس پلانٹس میں ایک ماہ کے اندر چھیڑ چھاڑ سے محفوظ اسمارٹ انرجی میٹر لگانے اور ان کا براہ راست ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سی پی سی بی کو ہر سہ ماہی میں اچانک معائنہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
سماعت کے دوران بنچ نے جمنا ایکشن پلان کے اعداد و شمار پر بھی سوال اٹھائے۔ اس پلان میں دہلی کے زون ’او‘ کے 35 آبی ذخائر اور ویٹ لینڈز کو تجاوزات سے پاک بتایا گیا تھا، جبکہ خود دہلی حکومت کی دستاویزات میں ان تمام 35 مقامات پر تجاوزات درج ہیں۔
عدالت نے اس علاقے کو گرین زون کے طور پر محفوظ رکھنے اور ضابطوں کے مطابق تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ