
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س):۔ سپریم کورٹ نے گجرات میں 2002 کے فسادات کے دوران بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے معاملے میں دو مجرموں کی عمر قید کی سزا پر روک لگاتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی ہے۔ جسٹس ایم ایم سندریش کی سربراہی والی بنچ نے اس بات کا نوٹس لیا کہ دونوں مجرم 17 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں بند ہیں۔
سپریم کورٹ نے اس معاملے کے مجرموں بپن چندر جوشی اور پردیپ مورڈیا کو ضمانت دی ہے۔ عدالت نے یہ بھی غور کیا کہ اپیل کرنے والوں میں سے ایک کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور اسے تقریباً تین سال بعد اس معاملے میں ملزم بنایا گیا تھا۔
ان دونوں مجرموں نے بمبئی ہائی کورٹ کے 2017 کے اس حکم کو چیلنج کیا تھا، جس میں ان کی سزا برقرار رکھی گئی تھی۔ دونوں مجرموں کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا اور سونیا ماتھر نے بتایا کہ ان پر دیگر نو افراد کے ساتھ قتل اور اجتماعی عصمت دری کا مقدمہ چلایا گیا تھا۔ اس کے بعد انہیں عمر قید کی سخت سزا سنائی گئی تھی اور جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) راج کمار بھاسکر ٹھاکرے نے کہا کہ یہ معاملہ اجتماعی عصمت دری سے متعلق ہے اور نچلی عدالتوں نے مجرموں کو سزا سنانے سے پہلے شواہد اور جرم کی سنگینی پر غور کیا تھا۔
گجرات حکومت نے 15 اگست 2022 کو اس معاملے کے تمام 11 مجرموں کی سزا معاف کردی تھی۔ اگلے ہی دن انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا، جہاں مٹھائیاں کھلا کر اور پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا استقبال کیا گیا تھا۔
اس رہائی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا تھا اور خواتین کارکنوں سمیت 6 ہزار سے زائد افراد نے سزا میں معافی کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ