
منیلا، 16 نومبر (ہ س)۔ وزیرِاعظم نریندر مودی 23ویں آسیان-بھارت سربراہی اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر پیر کے روز فلپائن کے دارالحکومت منیلا پہنچے۔ منیلا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فلپائن کے محکمہ اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی کے سکریٹری رابرٹ جوزف ’جے‘ مونٹیس ڈی کلارو نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بھارتی برادری کے لوگوں نے ’وندے ماترم‘ کے نعرے لگا کر وزیرِاعظم کا خیرمقدم کیا۔ بچوں نے سنسکرت کے منتر پڑھے اور ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے۔
وزیرِاعظم کو ہوائی اڈے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے وہاں موجود بھارتی برادری کے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے پرجوش استقبال کا جواب دیا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کے ذریعے وزیرِاعظم کی منیلا آمد کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ بھارت کی ایکٹ ایسٹ پالیسی اور ہند-بحرالکاہل خطے کے وژن کے اہم ستون کے طور پر آسیان کے ساتھ بھارت کی شراکت داری کی توثیق کرتا ہے۔
فلپائن کے صدر فرڈینینڈ آر مارکوس جونیئر کی دعوت پر وہاں پہنچنے والے وزیرِاعظم مودی 16 سے 18 نومبر تک فلپائن میں قیام کریں گے۔ 17 نومبر کو ہونے والے دونوں سربراہی اجلاسوں میں بھارت اور آسیان ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
منیلا میں منعقد ہونے والے ان اجلاسوں میں آسیان کے 11 رکن ممالک کے رہنما اور مذاکراتی شراکت دار ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ اس سال آسیان کی صدارت فلپائن کے پاس ہے اور اجلاس کی میزبانی صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کر رہے ہیں۔ اجلاس کا موضوع ’نیویگیٹنگ آور فیوچر، ٹوگیدر‘ (اپنے مستقبل کی جانب مل کر پیش قدمی) رکھا گیا ہے۔ 17 نومبر کو آسیان-بھارت اور مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس کے علاوہ آسیان-امریکہ خصوصی سربراہی اجلاس بھی منعقد ہونا طے ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف ممالک کے رہنماو¿ں کے درمیان دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
ان ملاقاتوں میں سمندری سلامتی، علاقائی استحکام، تجارت، رابطہ کاری، سپلائی چین، ہند-بحرالکاہل خطے میں تعاون اور علاقائی تنازعات جیسے امور پر تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔ میانمار میں جاری تنازع اور جنوب مشرقی ایشیا سے متعلق دیگر اختلافات بھی زیرِ بحث آ سکتے ہیں۔ بھارت اور آسیان کے درمیان تجارتی توازن اور موجودہ تجارتی معاہدے کا جائزہ بھی اہم موضوعات میں شامل ہوں گے۔
آسیان میں انڈونیشیا، فلپائن، ملائیشیا، سنگاپور، برونائی، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، لاوس، کمبوڈیا اور تیمور لیستے شامل ہیں۔ رکن ممالک کی جانب سے فلپائن کے صدر مارکوس، برونائی کے سلطان حسن البلقیہ، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو، لاوس کے وزیرِاعظم سلیومسائے کوماسیتھ، ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم، سنگاپور کے وزیرِاعظم لارنس وونگ، تھائی لینڈ کے وزیرِاعظم انوتین چارنویراکول، تیمور لیستے کے وزیرِاعظم کے رالا شانانا گسماو اور ویتنام کے وزیرِاعظم لی منہ ہنگ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ کمبوڈیا کی نمائندگی نائب وزیرِاعظم ہینگ چوون نارون کر رہے ہیں، جبکہ میانمار کی نمائندگی اس کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے آسیان امور یو ہان ون آنگ کریں گے۔
آسیان کے مذاکراتی شراکت داروں اور خصوصی مہمانوں میں امریکہ، چین، جاپان، آسٹریلیا، جنوبی کوریا، روس، کینیڈا اور برازیل کے نمائندے شامل ہوں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 17 نومبر کو آسیان-امریکہ خصوصی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ آسٹریلیا کے وزیرِاعظم انتھونی البانیز، چین کے وزیرِاعظم لی چیانگ، جاپان کی وزیرِاعظم سانائے تاکائیچی، جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ، روس کے وزیرِخارجہ سرگئی لاوروف، کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی، برازیل کے صدر لوئز اناسیو لولا دا سلوا، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی نمائندگی بنیادی طور پر وزیرِخارجہ ونسٹن پیٹرز کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم مودی کے دورے کے دوران 16 نومبر کو فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس اور خاتونِ اول لوئس ارانیٹا مارکوس کی جانب سے مہمان رہنماو¿ں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 17 نومبر کو وزیرِاعظم دونوں سربراہی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ان اجلاسوں کے دوران دیگر رہنماوں کے ساتھ دوطرفہ بات چیت بھی متوقع ہے۔ میزبان صدر مارکوس کے ساتھ ان کی ملاقات کا بھی امکان ہے۔
اس کے علاوہ کواڈ (چار فریقی سکیورٹی ڈائیلاگ) کے رکن ممالک بھارت، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کے رہنماو¿ں کی میٹنگ منگل کو منیلا میں آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے کا امکان ہے۔ اس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، آسٹریلیا کے وزیرِاعظم انتھونی البانیز اور جاپان کی وزیرِاعظم سانائے تاکائیچی بھی موجود رہ سکتے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب کواڈ کے چاروں رکن ممالک سے باہر کسی دوسرے ملک میں اس کا اجلاس منعقد ہوگا۔ کواڈ ممالک کے اعلیٰ رہنماوں کی آخری میٹنگ 21 ستمبر 2024 کو امریکہ کے شہر ولمنگٹن میں ہوئی تھی۔
آسیان-بھارت سربراہی اجلاس میں دونوں فریقوں کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری پر عمل درآمد کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس میں آسیان-بھارت ایکشن پلان 2026تا2030 بھی شامل ہے۔ بھارت اور آسیان نے سال 2026 کو سمندری تعاون کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سال 2027 میں دونوں کے درمیان مذاکراتی شراکت داری کے 35 سال اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے پانچ سال مکمل ہوں گے۔
بھارت اور آسیان ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت تقریباً 122 ارب ڈالر کی ہے۔ آسیان بھارت کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے۔ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیرِاعظم کی مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت اور اعلیٰ رہنماو¿ں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال ہونے کی امید ہے۔
وزیرِاعظم نے فلپائن روانہ ہونے سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ آسیان ممالک کے ساتھ بھارت کے تعلقات اس کی ایکٹ ایسٹ پالیسی کا مرکز ہیں اور سمندری خطے سے متعلق اس کے وژن میں ان کی اہم جگہ ہے۔ صدیوں پرانے تہذیبی تبادلے پر مبنی بھارت اور آسیان کے تعلقات آج تجارت، رابطہ کاری، سمندری سلامتی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں پھیلی ہوئی ایک متحرک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ آسیان-بھارت سربراہی اجلاس میں وہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھانے اور ترقی، رابطہ کاری اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو نئی رفتار دینے کے لیے دیگر رکن ممالک کے رہنماوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس کو علاقائی اور عالمی چیلنجز پر بات چیت کا ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا تھا۔ انہوں نے ہند-بحرالکاہل خطے میں امن، استحکام اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے رہنماوں کے ساتھ خیالات کے تبادلے کی امید بھی ظاہر کی تھی۔
وزیرِاعظم نے فلپائن میں مقیم بھارتی برادری کے افراد سے ملاقات اور بات چیت کے حوالے سے بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی برادری کا تعاون دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ دورہ آسیان کے ساتھ بھارت کی شراکت داری کو نئی توانائی فراہم کرے گا اور ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط بنائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی