
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س):۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے فلپائن میں بھارتی برادری کی جانب سے کیے گئے پرتپاک استقبال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانی اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ بھارت اور فلپائن کو قریب لانے کی سمت میں بھی کام کررہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ منیلا میں بھارتی برادری سے ملاقات کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی۔ کمیونٹی نے ان کا انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا۔ انہوں نے کہا، ”یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ہمارے بیرون ملک مقیم ہندوستانی اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے بھی کام کررہے ہیں۔“
وزیر اعظم نے کہا کہ استقبالیہ پروگرام میں بھارت اور فلپائن کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات کی خوبصورت جھلک دیکھنے کو ملی۔ اس دوران نویں اور دسویں صدی کی اگوسان کی سونے کی تارا مورتی اور تاریخی لگونا تانبے کے کتبے کی نقلیں بھی پیش کی گئیں۔ یہ تاریخی آثار جنوب مشرقی ایشیا میں بھارت کے قدیم ثقافتی اور سمندری روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے پروگرام کی خاص کشش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے بچوں کی جانب سے پورن کمبھ کے شلوک کا پاٹھ کیا جانا انتہائی خاص رہا۔ اس کے بعد بالی ووڈ اور بھنگڑا کی پرجوش پیشکشیں ہوئیں۔ ان ثقافتی پروگراموں میں دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات اور موجودہ دور میں جاری ثقافتی تبادلے کی خوبصورت جھلک دیکھنے کو ملی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی 23ویں آسیان-بھارت سربراہی اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر پیر کو منیلا پہنچے۔ وہ 17 نومبر کو دونوں سربراہی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ