اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر کانگریس کی کھرگے کی رہائش گاہ پر میٹنگ، راہل، پرینکا سمیت یوپی کے رہنما شریک
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے معاملے پر کانگریس نے پیر کو اپنی اعلیٰ قیادت اور ریاستی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس میٹنگ
KHARGE-UP-ASSEMBLY-ELECTIONS-CONGRESS-INDIA-ALLIAN


نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے معاملے پر کانگریس نے پیر کو اپنی اعلیٰ قیادت اور ریاستی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس میٹنگ میں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا سمیت اتر پردیش کانگریس کے کئی سینئر رہنما شریک ہوئے۔ میٹنگ میں ریاست کی سیاسی صورت حال، تنظیمی امور اور آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میٹنگ کے بعد کھرگے نے کہا کہ اتر پردیش کی سیاسی صورت حال اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سینئر رہنماؤں کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آنے والے انتخابات ملک کی سیاست کو نئی سمت دیں گے۔ ریاست کے عوام سماجی انصاف، مساوی مواقع اور محروم طبقات کے حقوق کو مزید مضبوط ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ کانگریس، انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر ریاست کے عوام کے سامنے ایک مضبوط متبادل پیش کرے گی۔

اتر پردیش میں ایس پی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کے اشتراک کے معاملے پر 17 نومبر کو میٹنگ ہونے والی ہے۔ اس میں دونوں جماعتوں کے رہنما سیٹوں کی تعداد اور اتحاد کے فارمولے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ کانگریس کی جانب سے اب تک 181 سیٹوں پر دعوے کی بات سامنے آئی ہے، جبکہ ایس پی کی توجہ سیٹوں کی تقسیم میں امیدواروں کی جیتنے کی صلاحیت کو بنیاد بنانے پر ہے۔

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے حال ہی میں کانگریس کی جانب سے 181 سیٹوں پر دعوے کا ذکر کیا تھا۔ اس سے پہلے کانگریس کے ریاستی انچارج راجندر پال گوتم بھی برابری اور احترام کی بنیاد پر اتحاد کی بات کہہ چکے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے 200 سیٹوں تک دعوے کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں، جبکہ ایس پی کی طرف سے کانگریس کو 50 سے 60 سیٹیں دینے کی بات کہی جا رہی ہے۔

اتر پردیش کے 2022 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 403 میں سے 399 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے۔ پارٹی کو صرف دو سیٹوں پر کامیابی ملی تھی، جبکہ چار سیٹوں پر اس کے امیدوار دوسرے مقام پر رہے تھے۔ کانگریس کے 387 امیدواروں کی ضمانت ضبط ہو گئی تھی۔ پارٹی کو پورے ریاست میں تقریباً 21.51 لاکھ ووٹ ملے تھے۔

میٹنگ میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، اتر پردیش کے انچارج راجندر پال گوتم، ریاستی صدر آرادھنا مشرا،ریاستی ورکنگ پریزیڈنٹ عمران مسعود اور اتر پردیش کانگریس قانون ساز پارٹی کے رہنما وریندر چودھری موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande