
یروشلم، 16 نومبر (ہ س)۔ یروشلم کی ضلع عدالت نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے سابق چیف پراسیکیوٹر کریم خان کو اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ کو 2.5 کروڑ اسرائیلی شیکل (این آئی ایس) بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے انہیں مقدمے کے اخراجات کے طور پر مزید 25 لاکھ شیکل ادا کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
یہ فیصلہ ایک دیوانی مقدمے میں کریم خان کی جانب سے جواب داخل نہ کیے جانے کے باعث یکطرفہ طور پر سنایا گیا۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ خان کے اقدامات سے حماس کو اخلاقی جواز ملا اور اس کے نتیجے میں غزہ میں یرغمالیوں کی قید کی مدت طویل ہوگئی۔
اگست 2025 میں شورات ہادین نامی تنظیم نے سابق یرغمالی ایتان مور اور سابق یرغمالیوں اویناتن اور اور عمری میران کے اہل خانہ کی جانب سے یہ مقدمہ دائر کیا تھا۔ مقدمہ دائر کیے جانے کے وقت یہ تینوں حماس کی قید میں تھے، تاہم بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔
درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ خان نے مئی 2024 میں اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو اور اس وقت کے وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے ساتھ حماس کے سینئر رہنماو¿ں کے خلاف بھی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کی درخواست دی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے فلسطینی اسلامی جہاد کے رہنماو¿ں کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کی درخواست نہیں کی تھی۔
درخواست گزاروں کا دعویٰ تھا کہ خان کے ان اقدامات سے اسرائیل اور حماس کو یکساں حیثیت میں پیش کرنے کا پیغام گیا اور حماس کو بین الاقوامی سطح پر جواز حاصل ہوا۔ ان کے مطابق اس سے حماس کو یرغمالیوں کو قید میں رکھنے اور اسرائیل کے سامنے مطالبات پیش کرنے میں مدد ملی۔
شورات ہادین کی صدر نتسانا درشان لیٹنر نے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دی ہیگ میں قائم آئی سی سی کے پراسیکیوٹروں اور ججوں کو یہ پیغام جائے گا کہ غیر قانونی اقدامات کرنے پر انہیں ذاتی طور پر جواب دہ ٹھہرایا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد