ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی کا علامہ اقبال کی عصری معنویت پر کلیدی خطاب
ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی کا علامہ اقبال کی عصری معنویت پر کلیدی خطاب علی گڑھ،16 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی دینیات فیکلٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ریحان اختر نے الہ آباد یونیورسٹی کے شعبہ اردو اور سہ ماہی ادبی جریدے ‘‘سلسلہ دہلی’’ کے زیرِ
اقبال سمینار


ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی کا علامہ اقبال کی عصری معنویت پر کلیدی خطاب

علی گڑھ،16 نومبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی دینیات فیکلٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ریحان اختر نے الہ آباد یونیورسٹی کے شعبہ اردو اور سہ ماہی ادبی جریدے ‘‘سلسلہ دہلی’’ کے زیرِ اہتمام پریاگ راج میں ‘‘علامہ اقبال کی عصری معنویت’’ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ قومی سیمینار میں ‘‘فکرِ اقبال: محبت، انسانیت اور قومی ہم آہنگی’’ کے عنوان سے اپنا کلیدی خطبہ پیش کیا، جس میں انہوں نے علامہ اقبال کی افکار کے ان آفاقی گوشوں کو اجاگر کیا جو محبت، انسانیت، مذہبی رواداری، قومی یکجہتی اور باہمی احترام کا دائمی درس دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکری و ادبی شخصیت کی تعمیر و تشکیل میں مولوی میر حسن اور پروفیسر آرنلڈ کی علمی و تربیتی صحبت کو بنیادی اہمیت حاصل رہی، جبکہ بعد کے دور میں کیمبرج، میونخ اور لندن کے علمی ماحول نے بھی ان کے فکر و نظر کے افق کو غیر معمولی وسعت عطا کی ہے۔ ڈاکٹر ریحان اختر نے کہا کہ اقبال کا شعری و نثری سرمایہ محض ادبی عظمت کا شاہکار ہی نہیں ہے، بلکہ اس کے اندر انسانی زندگی، تہذیب، مذہب اور معاشرت سے متعلق گہرے اور وسیع فکری مباحث پوشیدہ ہیں۔ ان کی شاعری کے ابتدائی دور میں وطن سے گہری محبت اور ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی وراثت کے جذبات نمایاں نظر آتے ہیں۔ ان کی مشہور نظمیں ‘‘ترانہ ہندی’’ اور ‘‘نیا شوالا’’ اس جذبے کی بھرپور ترجمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے مذہبی تشخص پر پختگی سے قائم رہتے ہوئے بھی دوسری مذہبی روایات اور ان کی عظیم شخصیات کا غیر معمولی احترام کیا؛ چنانچہ رام چندر جی کو ‘‘امامِ ہند’’ اور گرو نانک کو ‘‘مردِ کامل’’ قرار دینا ان کی وسیع القلبی اور مذہبی رواداری کے جذبے کی نمایاں مثالیں ہیں۔

انہوں نے نظم ‘‘تصویرِ درد’’ کے حوالے سے معاشرتی انتشار، باہمی کشمکش اور قومی افتراق کے اسباب و نتائج کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اقبال نے ہمیشہ اتحاد، یگانگت اور اجتماعی شعور کو انسانی معاشرے کی بنیادی ضرورت گردانا ہے۔ڈاکٹر ریحان اختر نے اقبال کے فکری ارتقا، ‘‘ترانہ ملی’’ اور 1930ء کے خطبہ الہ آباد کے تاریخی پس منظر کا احاطہ کرتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ساتھ علامہ اقبال کے علمی و فکری تعلق، سرسید احمد خاں سے ان کی قلبی عقیدت اور 1929ء کے اواخر میں علی گڑھ میں دیے گئے ان کے تاریخی خطبات کا خصوصی ذکر کیا۔ سیمینار میں ملک بھر سے ممتاز ادباء، دانش وروں، محققین اور اسکالرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande