
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س):۔
ملک کے وسیع اور متنوع ثقافتی ورثے تک عام شہریوں کی رسائی آسان بنانے کے لیے مرکزی وزارتِ ثقافت نے پیر کے روز مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایک جدید سرچ اور نالج ڈسکوری پلیٹ فارم لانچ کیا ہے۔ اس کے ذریعے اب ایک ہی سرچ انجن پر وزارتِ ثقافت کے تقریباً 65 ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے متعلق معلومات دستیاب ہوں گی۔
ان پلیٹ فارمز میں تاریخی دستاویزات کے ذخائر، قدیم مخطوطات، عجائب گھر، تاریخی یادگاریں، غیر مادی ثقافتی ورثہ، مختلف فنون، ثقافتی ورثے کے تحفظ، یادگاری تقریبات اور اہم قومی مہمات سے متعلق معلومات شامل ہیں۔
وزارتِ ثقافت کے سکریٹری وویک اگروال نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم وزارت کی مرکزی ڈیجیٹل ویب سائٹ http://culture.gov.in پر دستیاب ہوگا، جس میں چیٹ بوٹ کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔ یہ سرچ انجن 22 ہندوستانی زبانوں میں کام کرے گا اور کوئی بھی شخص اسے استعمال کرسکے گا۔ اس کے لیے کسی قسم کی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کے ثقافتی ورثے اور تہذیب و ثقافت سے متعلق وزارت کی اہم معلومات مختلف ڈیجیٹل نظاموں میں بکھری ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے عام شہریوں کے لیے انہیں تلاش کرنا اور ان سے استفادہ کرنا مشکل تھا۔
مثال کے طور پر اس سرچ انجن کے ذریعے گیان بھارتَم میں موجود ڈیٹا بیس، آرکائیوز پورٹل اور ’میرا گاو¿ں، میری دھروہر‘ جیسے پلیٹ فارمز پر دستیاب تفصیلی معلومات اور اعداد و شمار بھی حاصل کیے جاسکیں گے۔
اس پلیٹ فارم میں نیچرل لینگویج پروسیسنگ، مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ خلاصے، معلومات کے اصل ذرائع کے حوالے، کثیر لسانی ترجمہ، ریٹریول آگمینٹڈ جنریشن (آر اے جی)، نالج گراف اور روایتی کی ورڈ سرچ سے آگے بڑھ کر صارف کی ضرورت، سمجھ اور سوال کے پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے معلومات تلاش کرنے جیسی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
اگروال نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم اوپن سورس فاو¿نڈیشن ماڈل پر تیار کیا گیا ہے اور ایل ایل ایم ایگناسٹک ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ مستقبل میں ہندوستان کے خودمختار اے آئی ماڈلز اور نئی ٹیکنالوجیز کو بھی آسانی سے اس سے جوڑا جاسکے۔
اس پلیٹ فارم کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس پر 22 ہندوستانی زبانوں میں سوالات پوچھے جاسکتے ہیں۔ ہر جواب کے ساتھ نمبر وار حوالہ (سائٹیشن) بھی دیا جائے گا، جس پر کلک کرنے سے متعلقہ وزارت کے ویب پیج پر رسائی حاصل ہوگی۔ اس طرح صارفین ایک ہی کلک میں فراہم کردہ معلومات کی تصدیق کرسکیں گے۔
یہ پلیٹ فارم صرف وزارتِ ثقافت کے اپنے ڈیجیٹل پورٹلز سے معلومات حاصل کرے گا، کھلے انٹرنیٹ سے نہیں۔ جہاں متعلقہ موضوع پر معلومات دستیاب نہیں ہوں گی، وہاں اندازے لگانے کے بجائے واضح طور پر بتا دیا جائے گا کہ مطلوبہ مواد موجود نہیں ہے۔
اگروال نے کہا کہ اس پہل سے ہندوستان کے عظیم ثقافتی ورثے تک عام لوگوں کی رسائی زیادہ جمہوری، شفاف اور آسان ہوجائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ