
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س):۔ مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے کے تحت اتر پردیش، پنجاب، گوا اور اتراکھنڈ کے غیر برفانی علاقوں میں پیر سے خود شماری (سیلف اینیومریشن) کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ ان ریاستوں اور علاقوں کے باشندے 30 نومبر تک سرکاری پورٹل کے ذریعے اپنے خاندان اور ذاتی معلومات آن لائن درج کرا سکیں گے۔
اس کے بعد یکم دسمبر سے 4 جنوری 2027 تک مردم شماری کا عملہ گھر گھر جاکر آبادی کی گنتی کرے گا۔
سرکاری معلومات کے مطابق گھر گھر گنتی مکمل ہونے کے بعد 5 سے 9 جنوری 2027 تک نظرثانی کا مرحلہ چلایا جائے گا۔ ان ریاستوں اور علاقوں کے لیے مردم شماری کی حوالہ جاتی تاریخ 5 جنوری 2027 کی نصف شب (رات 12 بجے) مقرر کی گئی ہے۔
خود شماری میں حصہ لینے کے لیے باشندے سرکاری پورٹل se.census.gov.in پر اپنے موبائل نمبر کے ذریعے لاگ اِن کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے پہلے مرحلے کے دوران رجسٹرڈ موبائل نمبر کا استعمال بہتر ہوگا۔
پورٹل پر خاندان اور ذاتی معلومات سے متعلق نوٹیفائی کیے گئے 40 سوالات کے جواب دینے ہوں گے۔ کامیابی کے ساتھ معلومات جمع کرانے کے بعد ایک مخصوص خود شماری شناختی نمبر (ایس ای آئی ڈی) جاری کیا جائے گا، جسے بعد میں گھر آنے والے مردم شماری کارکن کو فراہم کرنا ہوگا۔
مردم شماری کے دوران خود شماری کی سہولت حاصل کرنے والے خاندانوں کے یہاں بھی مردم شماری کا عملہ مقررہ پروگرام کے مطابق پہنچے گا۔ جن خاندانوں نے آن لائن خود شماری نہیں کی ہوگی، ان کی تفصیلات مردم شماری کارکن گھر گھر جاکر درج کریں گے۔ اس طرح خود شماری کی سہولت دستیاب ہونے کے باوجود تمام مختص علاقوں میں گھر گھر گنتی کا عمل جاری رہے گا۔
ملک کی باقی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آبادی کی گنتی 25 جنوری سے 28 فروری 2027 تک کی جائے گی۔ اس کے بعد یکم سے 5 مارچ 2027 تک نظرثانی کا مرحلہ چلے گا۔
ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں خود شماری کی سہولت 10 سے 24 جنوری 2027 تک دستیاب رہے گی۔ ان علاقوں کے لیے مردم شماری کی حوالہ جاتی تاریخ یکم مارچ 2027 کی نصف شب مقرر کی گئی ہے۔
مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے کے تحت مکانوں کی فہرست سازی اور رہائشی گنتی (ایچ ایل او) منی پور کو چھوڑ کر ملک کی تمام 35 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مکمل ہوچکی ہے۔
ملک میں پہلی مرتبہ مردم شماری کا پورا عمل ڈیجیٹل ذرائع سے انجام دیا جارہا ہے۔ اس کے تحت خود شماری کی سہولت اضافی طور پر شروع کی گئی ہے۔ یہ محفوظ اور صارفین کے لیے آسان ویب پر مبنی نظام 16 ہندوستانی زبانوں میں دستیاب ہے۔
مردم شماری ایکٹ 1948 کے تحت جمع کی جانے والی تمام معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا اور ان کا استعمال صرف شماریاتی مقاصد اور ترقیاتی منصوبے تیار کرنے کے لیے کیا جائے گا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس قومی کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مردم شماری کے عملے کو اپنا تعاون فراہم کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ