
علی گڑھ, 16 نومبر (ہ س)۔ اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول میں تقریب حلف برداری منعقد ہوئی، جس میں نو منتخب اسٹوڈنٹس کونسل کو باضابطہ طور پر ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
اس موقع پر مہمان خصوصی اے ایم یوکے اسکول ایجوکیشن کی ڈائریکٹر پروفیسر قدسیہ تحسین نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انھیں دیانت داری، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی قیادت کا اظہار انسان کے طرزِ عمل اور خدمت کے جذبے سے ہوتا ہے۔ انہوں نے تقریب کے خوش اسلوبی سے انعقاد کو سراہا اور طالبات کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ترغیب دی۔
مہمان اعزازی، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن پروفیسر محمد اعظم خان نے مختلف انٹراسکول مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب کا آغاز قائم مقام پرنسپل محمد جاوید اختر کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جس کے بعد مارچ پاسٹ، عہدوں کی پٹیاں پہننے اور کونسل کے اراکین کو حلف دلانے کی کارروائی انجام دی گئی۔
نو تشکیل شدہ اسٹوڈنٹس کونسل میں حمیرہ کو ہیڈ گرل، ثانیہ ملک کو وائس ہیڈ گرل، فوزیہ شکیل کو کلچرل سکریٹری، زہرہ خان کو لٹریری سکریٹری اور علیشہ کو اسپورٹس کیپٹن مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہاؤس کیپٹنز، وائس کیپٹنز اور پریفیکٹس بھی مقرر کیے گئے۔ جماعت دہم، سیکشن اے کی طالبہ اور نو منتخب ہیڈ گرل حمیرہ نے اپنی تقریر میں ذمہ داری اور اجتماعی قیادت کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔ پروگرام میں ایک ڈرل پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔
وائس پرنسپل محترمہ پاکیزہ خان نے اظہارِ تشکر کیا۔ پروگرام کی نظامت مس عروجہ خان نے کی، جبکہ مس نازش صدیقی، مس عنبرین رحمان اور مسٹر محمد محسن نے تعاون کیا۔ مسٹر اشہد جاوید نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ