
منیلا،15نومبر(ہ س)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ فلپائن اور آسیان سربراہی اجلاس میں ان کی شرکت کے خلاف فلپائن میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ دارالحکومت منیلا میں اجلاس کے پہلے روز سیکڑوں مظاہرین نے سڑکوں پر نکل کر امریکی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے اور احتجاجی بینر اٹھا کر ٹرمپ کی آمد پر مخالفت کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے امریکی صدر کی پالیسیوں کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی کارروائیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس دوران احتجاج کرنے والوں نے آسیان سربراہی اجلاس کے مقام کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔اس احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منیلا کے لیواسانگ بونیفاسیو علاقے سے پاسے شہر میں واقع فلپائن انٹرنیشنل کنونشن سینٹر کی جانب مارچ کرنے سے روک دیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر پانچ مظاہرین کو حراست میں لیا گیا اور دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ بعد کی اطلاعات میں گرفتار افراد کی تعداد نو بتائی گئی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور امریکی پالیسیوں کے باعث عام لوگوں کی مشکلات اور بنیادی اشیائ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے امریکہ کی قیادت میں مجوزہ ’پیکس سلیکا‘ منصوبے اور ایشیا پیسیفک خطے میں بڑھتی فوجی سرگرمیوں پر بھی اعتراض کیا۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کا 49واں سربراہی اجلاس 15 سے 17 نومبر تک منیلا میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں توانائی کی سلامتی، غذائی تحفظ، اقتصادی تعاون، علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی تنازعات سمیت کئی اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 17 نومبر کو فلپائن آمد متوقع ہے، جبکہ 18 نومبر کو ان کی فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی طے ہے۔ حکام نے اجلاس اور متعلقہ مقامات کی حفاظت کے لیے بڑے پیمانے پر سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ پولیس نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن احتجاج کریں اور مقررہ مقامات پر اپنی آواز بلند کریں۔ دوسری جانب احتجاجی تنظیموں نے اجلاس کے دوران مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan