
منامہ،15نومبر(ہ س)۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس نے بحرین میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی فورس کے مطابق یہ حملے امریکا کی جانب سے دشمنانہ اقدامات کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو الرٹ کرتے ہوئے قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے امریکی فضائی دفاعی نظام کے ریڈار کو نشانہ بنایا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس کارروائی میں چھ ڈرون استعمال کیے گئے اور ان کا ہدف بحرین کے علاقے الرفاع میں واقع ہیلی کاپٹر بیس پر نصب امریکی فضائی دفاعی ریڈار تھا۔
بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اتوار کو چند گھنٹوں کے دوران دو مرتبہ ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا۔ وزارت نے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں، قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں اور صورتِ حال سے متعلق معلومات کے لیے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔ تاہم وزارت نے خطرے کی نوعیت یا ممکنہ اہداف کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔
دوسری جانب امریکی اور بحرینی حکام نے ایران کے تازہ حملے کے دعوے کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔ اس سے قبل 13 نومبر کو بھی ایران نے بحرین میں امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جسے امریکی فوجی کمانڈ سینٹ کام نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بحرین کی جانب آنے والے دو ایرانی ڈرون مار گرائے گئے تھے اور اس کارروائی میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر قائم ہے، جس کی وجہ سے یہ ملک خلیجی خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں بحرین میں تازہ الرٹس اور حملوں کے دعووں نے خطے کی سلامتی سے متعلق تشویش بڑھا دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan