
واشنگٹن (امریکہ)، 15 نومبر (ہ س)۔ خلا میں 22 گھنٹے گزارنے کے بعد ہفتہ کے روز اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ واپس زمین پر پہنچ گیا۔ زمین کے ماحول میں دوبارہ داخل ہوتے وقت اسے شدید حرارت کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹیکساس کے گلف کوسٹ پر واقع اپنے لانچنگ مقام کی جانب بڑھا۔ آخری لمحات میں راکٹ سیدھا کھڑا ہوگیا اور لانچ گینٹری پر نصب دو بڑی میکانکی بازوؤں نے اسے اپنی گرفت میں لے لیا۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، قریب موجود اسپیس ایکس کے ملازمین نے خوشی سے تالیاں بجائیں۔ راکٹ نے اپنے چھ میتھین ایندھن سے چلنے والے ریپٹر انجنوں میں سے تین کو دوبارہ شروع کیا تاکہ وہ سیدھا کھڑا ہوسکے۔ اس کی رفتار تیزی سے کم ہوئی اور وہ تقریباً ہوا میں معلق ہوگیا۔ اسی دوران روبوٹک بازوؤں نے اسے اپنی گرفت میں لے لیا۔ انجن بند ہونے سے عین ایک لمحہ پہلے راکٹ کو کامیابی کے ساتھ پکڑ لیا گیا۔
اسپیس ایکس کی تبصرہ نگار جیسی اینڈرسن نے کہا، ’’یہ منظر دیکھنا واقعی حیرت انگیز ہے! ہماری آنکھوں کے سامنے انجینئرنگ کا ایک انتہائی شاندار اور تاریخی کارنامہ انجام پایا ہے۔ اسپیس ایکس کی پوری ٹیم اور اسٹار شپ پروگرام کی حمایت کرنے والے تمام افراد کو مبارکباد۔‘‘
مدار سے اسٹار شپ کو واپس لانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے کی آزمائشی پروازیں سمندر میں اترنے کے ساتھ ختم ہوتی تھیں۔ یہ اسپیس ایکس کے اس ہدف کی جانب ایک بڑی کامیابی ہے، جس کے تحت کمپنی مکمل طور پر دوبارہ استعمال کیے جانے والے مداری راکٹ تیار کر رہی ہے۔ کمپنی کے بانی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ اس سے زمین کے مدار، چاند اور مستقبل میں مریخ تک سامان پہنچانے کی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی۔
اسٹار شپ کو جمعہ کے روز ٹیکساس کے ساحلی علاقے میں واقع اسپیس ایکس کی اسٹار بیس تنصیب سے ایک سپر ہیوی بوسٹر کے ذریعے روانہ کیا گیا تھا۔ 407 فٹ بلند یہ دو مرحلوں پر مشتمل راکٹ اب تک کا سب سے طاقتور لانچ وہیکل ہے۔ پرواز کے دوران اس کے پہلے مرحلے میں نصب 33 ریپٹر انجن تقریباً 16 ملین پاؤنڈ تھرسٹ پیدا کرتے ہیں۔
اس بڑے راکٹ کی 15ویں آزمائشی پرواز سے پہلے اسپیس ایکس نے گزشتہ تین پروازوں میں استعمال کیے گئے پہلے مرحلے کے بوسٹر کو کامیابی کے ساتھ واپس حاصل کرلیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد