
چنڈی گڑھ، 15 نومبر(ہ س)۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ بھگوان شری کرشن نے گیتا کے ذریعے ہمیں عمل، فرض اور عوامی فلاح کا راستہ دکھایا، جبکہ بھگوان برسا منڈا نے اپنی زندگی اور جدوجہد سے خودداری، اتحاد اور اپنی سرزمین و ثقافت کے تحفظ کا عزم سکھایا۔ یہ پیغامات ہمیں بتاتے ہیں کہ حقیقی زندگی وہی ہے جس میں انسان اپنے فرائض کے تئیں وفادار ہو اور سماج کی بھلائی کے لیے خود کو وقف کردے۔
وزیر اعلیٰ نائب سینی اتوار کو پنچکولہ میں ’شری کرشن کرپا دھام‘ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے اور ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ کے موقع پر بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش کے سلسلے میں منعقدہ ریاستی سطح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے شری کرشن کرپا دھام کی تعمیر کے لیے 31 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنچکولہ کی اس مقدس سرزمین پر شری کرشن کرپا دھام کی شکل میں صرف ایک عمارت کی بنیاد نہیں رکھی جا رہی ہے، بلکہ ایک ایسے روحانی مرکز کی تعمیر کا آغاز ہو رہا ہے، جہاں آنے والی نسلوں کو اچھے اخلاق، خدمت، لگن اور شریمد بھگود گیتا کے علم سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش کو ’یومِ قبائلی فخر‘ کے طور پر قومی شناخت دلائی۔
نائب سینی نے کہا کہ دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کی زندگی بہادری، جدوجہد، خودداری اور اپنی سرزمین و ثقافت کے تحفظ کے عزم کی علامت ہے۔ محض 25 سال کی مختصر عمر میں بھگوان برسا منڈا نے انگریز حکومت کی بنیادیں ہلا دی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan