وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے چھٹھ گھاٹ پر ڈوبتے سورج کو دیا ارگھیہ
نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے سونیا وہار واقع جمنا چھٹھ گھاٹ پر ڈوبتے سورج کو ارگھیہ پیش کیا اور چھٹھی مئیا کی پوجا کرکے دہلی کے تمام باشندوں کی خوشی، خوشحالی اور اچھی صحت کے لیے دعا کی۔ جمنا کے کنارے عقیدت، بھکتی اور
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے چھٹھ گھاٹ پر ڈوبتے سورج کو دیا ارگھیہ


نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے سونیا وہار واقع جمنا چھٹھ گھاٹ پر ڈوبتے سورج کو ارگھیہ پیش کیا اور چھٹھی مئیا کی پوجا کرکے دہلی کے تمام باشندوں کی خوشی، خوشحالی اور اچھی صحت کے لیے دعا کی۔ جمنا کے کنارے عقیدت، بھکتی اور عوامی ثقافت کے رنگوں سے سجی اس تقریب میں بڑی تعداد میں عقیدت مند چھٹھی میا کی پوجا کے لیے پہنچے۔ روایتی لباس، چھٹھ کے گیتوں، چراغوں اور پوجا کے سامان سے سجے گھاٹوں نے پورے ماحول کو عقیدت اور جشن کے رنگ میں رنگ دیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کشتی پر سوار ہو کر جمنا کنارے بنائے گئے چھٹھ گھاٹوں کا معائنہ بھی کیا اور وہاں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف گھاٹوں پر موجود چھٹھ کا ورت رکھنے والوں اور عقیدت مندوں کا خیرمقدم کیا اور سبھی کو چھٹھ مہاپرو کی مبارک باد دی۔ شام کے ارگھیہ کے موقع پر عقیدت مندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوک عقیدت کے عظیم تہوار چھٹھ پر ڈوبتے سورج کو ارگھیہ پیش کرنے کی روایت فطرت کے تئیں اظہارِ تشکر اور سناتن ثقافت کے عظیم اقدار کی ایک منفرد علامت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے چھٹھی میا اور بھگوان بھاسکر سے دعا کی کہ تمام ورت رکھنے والوں کی عبادت قبول ہو اور ہر خاندان میں خوشی، خوشحالی اور صحت و تندرستی آئے۔ انہوں نے کہا کہ چھٹھ مہاپرو محض ایک مذہبی تقریب نہیں، بلکہ عقیدت، نظم و ضبط، صفائی، لگن اور سماجی ہم آہنگی کا ایک منفرد تہوار ہے۔ یہ تہوار ہمیں فطرت اور ماحولیات کے احترام کا سبق دیتا ہے۔ ڈوبتے اور طلوع ہوتے، دونوں سورج کی پوجا کرنے کی روایت زندگی کے ہر مرحلے کے تئیں شکرگزاری کا پیغام دیتی ہے۔ چھٹھ کے دوران نہ صرف خاندان بلکہ پورا سماج مل کر پوجا میں شریک ہوتا ہے۔ یہی اجتماعی جذبہ اور عوامی ثقافت اس تہوار کو خاص بناتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تہواروں کے موقع پر اپنے آبائی ریاست اور خاندان کے پاس جانے کی خواہش بھی فطری ہے۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی اور بہار کے درمیان چھٹھ اسپیشل بسوں کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ پوروانچل اور بہار کے لوگ آسانی سے اپنے گھر پہنچ سکیں اور تہوار منانے کے بعد واپس دہلی آ سکیں۔ حکومت کی کوشش صرف سہولتیں فراہم کرنا نہیں، بلکہ ہر پوروانچلی خاندان کو یہ احساس دلانا بھی ہے کہ دہلی بھی ان کا اپنا گھر ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande