
کاٹھمنڈو، 15 نومبر(ہ س)۔ نیپال میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تری بھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ایک ہندوستانی شہری کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے قبضے سے ساڑھے پانچ کلو گرام کوکین برآمد ہوئی ہے، جس کی بین الاقوامی بازار میں قیمت تقریباً 22 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ گرفتار شخص کی شناخت مہاراشٹر کے رہنے والے 52 سالہ رے واج تگھری کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ 14 نومبر کو تھائی لینڈ سے کاٹھمنڈو پہنچا تھا۔نیپال کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ترجمان درگا راج ریگمی نے بتایا کہ ہوائی راستے سے منشیات کی اسمگلنگ کے خدشے کے پیش نظر مشتبہ مسافروں کی شناخت اور ان کی سرگرمیوں کی جانچ کی جارہی تھی۔ اسی کارروائی کے دوران رے واج تگھری کو حراست میں لیا گیا اور تلاشی کے بعد اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں کوکین برآمد ہوئی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ہندوستانی شہری اس سے پہلے بھی دو مرتبہ نیپال آچکا ہے۔ پہلی مرتبہ اس نے ہوائی راستے سے نیپال کا سفر کیا تھا، جبکہ دوسری مرتبہ وہ سڑک کے راستے ہندوستان سے نیپال پہنچا تھا۔ایس پی درگا راج ریگمی کے مطابق ملزم نے لاؤس کے علاوہ زمبابوے، سوڈان، بنگلہ دیش، ویتنام اور کمبوڈیا کا بھی سفر کیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا ایک اہم رکن ہے۔ اس کے قبضے سے مکینیکل انجینئرنگ کا ایک سرٹیفکیٹ بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی ساڑھے پانچ کلو گرام کوکین کی بازار میں قیمت تقریباً 22 کروڑ ہندوستانی روپے لگائی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ منشیات کی اس کھیپ کو نیپال کے راستے ہندوستان پہنچانے کا منصوبہ تھا۔پولیس اس معاملے میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک سے ملزم کے روابط اور اس کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan