قبائلی سماج نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی ہے: وزیر اعظم
قبائلی سماج نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی ہے: وزیر اعظم - مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں 1358 کروڑ روپے کے آبپاشی پروجیکٹ کا افتتاح، قبائلی کانفرنس سے ورچوئل طور پر جڑے وزیر اعظم مودی دھار، 15 نومبر(ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ
جنجاتیہ گورو دیوس کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی


قبائلی سماج نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی ہے: وزیر اعظم

- مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں 1358 کروڑ روپے کے آبپاشی پروجیکٹ کا افتتاح، قبائلی کانفرنس سے ورچوئل طور پر جڑے وزیر اعظم مودی

دھار، 15 نومبر(ہ س)۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ قبائلی سماج نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ ایک وقت تھا جب ملک میں کئی دن اورتہوارغیرملکی نقطۂ نظر سے طے کیے جاتے تھے، لیکن آج ہندوستان اپنے ورثے، اپنی تاریخ اور اپنے ہیروزکودیسی فخر کے ساتھ یاد کررہا ہے۔ یہ ہماری قومی بیداری میں آنے والی ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔

وزیر اعظم مودی اتوار کو قومی ہیرو بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش اور جنجاتیہ گورو دیوس کے موقع پر منعقدہ پروگراموں سے ورچوئل خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مدھیہ پردیش کے ضلع دھار کے ڈہی میں منعقدہ ریاستی سطح کی تقریب میں گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور مرکزی وزیر مملکت برائے بہبودِ خواتین و اطفال ساوتری ٹھاکر خصوصی طور پر موجود رہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 15 نومبر 2021 سے جنجاتیہ گورو دیوس منانے کی جو شروعات ہوئی تھی، آج وہ ایک قومی جشن بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 2 بڑی کامیابیوں کا ہر جگہ ذکر ہو رہا ہے۔ پہلی کامیابی ملک کے تقریباً 50 کروڑ لوگوں کا شدید غربت پر قابو پانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 13-12 برسوں میں ہندوستان کے 50 کروڑ لوگ شدید غربت سے باہر نکلے ہیں۔ یہ آزادی کے بعد ملک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اس کے پیچھے سماج کی اجتماعی طاقت اور ملک کے ہر شہری کی محنت ہے۔ حکومت نے قبائلی فلاح و بہبود کے لیے جو فیصلے کیے اور جو اسکیمیں بنائیں، یہ اسی کا نتیجہ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ غربت پر قابو پانے کے لیے آمدنی کے مواقع بڑھانا بھی ضروری تھا۔ مدرا یوجنا کے ذریعے لاکھوں کروڑ روپے کی مدد فراہم کی گئی۔ ہمارے قبائلی بھائیوں کو بھی اس کا فائدہ ملا۔ اس سے ان کے اندر آگے بڑھنے کا اعتماد پیدا ہوا۔ ملک کے 100 سے زیادہ امنگوں والے اضلاع میں ترقی، سہولتوں اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی مہم چلائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی دوسری بڑی کامیابی نکسلواد اور ماؤواد سے نجات حاصل کرنا ہے۔ نکسل تشدد نے سب سے زیادہ نقصان ہمارے قبائلی سماج کو ہی پہنچایا۔ 2014 میں ملک کے تقریباً سوا سو اضلاع نکسل واد سے متاثر تھے۔ ہر سال ہزاروں لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑتی تھی۔ اس وقت کی حکومتوں نے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا تھا۔ سب خاموش رہتے تھے۔ انہیں ووٹ ڈالنے تک نہیں دیا جاتا تھا۔ اس وقت کی حکومتیں خاموش تماشائی بنی رہتی تھیں۔ غریب ماؤں کے سامنے سے ان کے چھوٹے چھوٹے بچوں کو نکسل وادی اٹھا کر لے جاتے تھے۔ ہمارے گھروں کی بیٹیوں کو اغوا کر لیا جاتا تھا۔ آج جب نکسلواد ختم ہو گیا ہے تو قبائلی سماج کی مائیں اور بہنیں ہمیں آشیرواد دے رہی ہیں۔ آج ان نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جنجاتیہ گورو دیوس کے موقع پر آج ملک بھر میں 170 سے زیادہ پروجیکٹوں کا افتتاح اور 70 سے زیادہ پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں 30 ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم مودی کے ورچوئل خطاب سے پہلے گورنر منگو بھائی پٹیل اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے 1358 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ ڈہی مائیکرو لفٹ آبپاشی پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔

مرکزی وزیر مملکت ساوتری ٹھاکر نے پروگرام میں کُکشی میں بھگوان برسا منڈا کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی بھائیوں اور بہنوں، کسانوں اور نوجوانوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے اور ان کی ترقی کے لیے وزیر اعظم مودی نے کئی تاریخی فیصلے کیے ہیں۔ میں خود آپ کے سامنے اس کی ایک مثال کے طور پر کھڑی ہوں۔ میرا کوئی سیاسی پس منظر نہیں تھا۔ 40 گھروں کی ایک چھوٹی سی بستی میں رہنے والی ایک خاتون نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اس قدر بڑے اسٹیج پر آکر اپنے قبائلی سماج کے درمیان خطاب کر سکے گی اور ان کے لیے اسکیمیں بنا سکے گی۔ پروگرام سے گورنر اور وزیر اعلیٰ نے بھی خطاب کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande