
’بھارت-آئی سی ٹی پی تعاون فنڈ‘ کے ذریعے ہندوستانی سائنسدانوں، محققین اور طلبہ کو اٹلی کے عالمی تحقیقی مرکز میں کام کرنے اور تحقیق کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔
نئی دہلی، 15 نومبر(ہ س)۔
ہندوستان اور اٹلی میں واقع بین الاقوامی مرکز برائے نظریاتی طبیعیات (آئی سی ٹی پی) نے سائنسی تعاون اور ہندوستانی محققین کی بین الاقوامی آمد و رفت کو فروغ دینے کے لیے ’بھارت-آئی سی ٹی پی تعاون فنڈ‘ شروع کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت ہندوستانی سائنسدانوں، محققین اور طلبہ کو بین الاقوامی تحقیقی مرکز میں کام کرنے اور تحقیق کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں مرکزی محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اور آئی سی ٹی پی کے درمیان مفاہمت کی ایک دستاویز پر دستخط کیے گئے۔ سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے دورہ اٹلی کے دوران ٹریئسٹے میں واقع آئی سی ٹی پی میں یہ معاہدہ طے پایا۔ ہندوستان کی جانب سے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی میں بین الاقوامی تعاون کے سربراہ ڈاکٹر پروین کمار سوم سندرم نے مفاہمت کی دستاویز کا تبادلہ کیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس پہل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت-آئی سی ٹی پی تعاون فنڈ سے دونوں فریقوں کے درمیان پہلے سے جاری تعاون کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ شراکت داری کو ادارہ جاتی شکل دینے سے سائنسی تعاون اور محققین کی بین الاقوامی آمد و رفت کو فروغ حاصل ہوگا۔
یہ پہل ہندوستان اور آئی سی ٹی پی کے درمیان طویل عرصے سے جاری شراکت داری کو مزید آگے بڑھائے گی۔ اس مرکز کے مختلف پروگراموں میں ہندوستانی سائنسدان، محققین اور طلبہ پہلے ہی حصہ لیتے رہے ہیں۔ مجوزہ فنڈ کے ذریعے اس تعاون کو ایک منظم ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا، جس سے ہندوستانی محققین کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔آئی سی ٹی پی طبیعیات، ریاضی اور ان سے متعلقہ مضامین میں اعلیٰ سطح کی تحقیق، اعلیٰ تعلیم اور صلاحیت سازی کا ایک اہم بین الاقوامی مرکز ہے۔ ہندوستان کے کئی ادارے اس کے ساتھ تحقیقی تعاون، تعلیمی تبادلے، ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔
محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی، سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر)، اہم یونیورسٹیوں اور ہندوستانی ٹیکنالوجی اداروں(آئی آئی ٹی) نے آئی سی ٹی پی کے ساتھ مشترکہ تحقیق اور تبادلے کے پروگراموں میں تعاون کیا ہے۔ ہندوستانی محققین اس مرکز کی وزیٹنگ فیلوشپ، ڈپلومہ پروگراموں اور پوسٹ ڈاکٹریٹ مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ دوسری جانب آئی سی ٹی پی کے ماہرین اعلیٰ توانائی کی طبیعیات، فلکی طبیعیات، موسمیاتی ماڈلنگ اور کمپیوٹیشنل سائنس کے شعبوں میں ہندوستانی سائنسدانوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔
وزارت کے مطابق، بھارت-آئی سی ٹی پی تعاون فنڈ کے قیام اور مفاہمت کی دستاویز پر دستخط سے دونوں فریقوں کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید مضبوطی ملے گی۔ اس سے سائنسی تحقیق کے شعبے میں بین الاقوامی نیٹ ورک کی تشکیل اور سماج کے لیے مفید اختراعات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے دورہ آئی سی ٹی پی میں استقبالیہ ضیافت اور محققین کی آمد و رفت کے پروگرام کا آغاز بھی شامل تھا۔ ان کا یہ دورہ 11 سے 15 نومبر تک جاری رہنے والے سرکاری دورہ اٹلی کا حصہ تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan