ہماچل پردیش اسمبلی کا سرمائی اجلاس پیر سے، حکومت اور اپوزیشن میں ہنگامے کے آثار
دھرم شالہ کے تپوون میں 21 نومبر تک جاری رہنے والے اجلاس میں قانون و انتظام، منشیات، انتخابی ضمانتوں، ریاستی قرض اور ملازمین و پنشنرز کے بقایاجات سمیت کئی اہم مسائل پر بحث متوقع ہے۔ شملہ، 15 نومبر: ہماچل پردیش اسمبلی کا سرمائی اجلاس پیر سے دھرم شال
ہماچل پردیش اسمبلی کا سرمائی اجلاس پیر سے، حکومت اور اپوزیشن میں ہنگامے کے آثار


دھرم شالہ کے تپوون میں 21 نومبر تک جاری رہنے والے اجلاس میں قانون و انتظام، منشیات، انتخابی ضمانتوں، ریاستی قرض اور ملازمین و پنشنرز کے بقایاجات سمیت کئی اہم مسائل پر بحث متوقع ہے۔

شملہ، 15 نومبر: ہماچل پردیش اسمبلی کا سرمائی اجلاس پیر سے دھرم شالہ کے تپوون اسمبلی کمپلیکس میں شروع ہوگا۔ 21 نومبر تک جاری رہنے والے اس چھ روزہ اجلاس میں حکمراں کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی کے درمیان مختلف مسائل پر تیز بحث ہونے کے امکانات ہیں۔ بی جے پی قانون و انتظام کی صورت حال، منشیات کے بڑھتے استعمال، انتخابی ضمانتوں، ریاست کی خراب مالی حالت اور سرکاری ملازمین و پنشنرز کے زیر التوا بقایاجات کے معاملے پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ دوسری جانب کانگریس مرکزی حکومت کی جانب سے ہماچل پردیش کے مبینہ نظرانداز کیے جانے اور ریاست کے مالی حقوق کا معاملہ اٹھا کر اپوزیشن کو جواب دے گی۔

اجلاس سے قبل پیر کی صبح 11 بجے بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوگی، جس کی صدارت قائد حزب اختلاف جے رام ٹھاکر کریں گے۔ وہیں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو کی صدارت میں منعقد ہوگی۔ دونوں جماعتوں کی میٹنگوں میں ایوان کے اندر کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

اسپیکر کو 414 سوالات اور 28 دیگر نوٹس موصول

اسمبلی اسپیکر کلدیپ سنگھ پٹھانیا نے بتایا کہ 14ویں اسمبلی کا 13واں اجلاس 16 سے 21 نومبر تک منعقد ہوگا، جس میں مجموعی طور پر چھ نشستیں ہوں گی۔ 21 نومبر، ہفتہ کے روز بھی ایوان کی کارروائی جاری رہے گی، جبکہ 19 نومبر کو غیر سرکاری اراکین کے لیے مخصوص دن ہوگا۔

اسپیکر کے مطابق اراکین اسمبلی کی جانب سے مجموعی طور پر 414 سوالات کے نوٹس موصول ہوئے ہیں، جن میں 219 ستارے والے اور 123 بغیر ستارے والے سوالات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ضابطہ 62 کے تحت 13، ضابطہ 63 کے تحت تین، ضابطہ 101 کے تحت تین اور ضابطہ 130 کے تحت نو نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ ان تمام سوالات اور نوٹس کو آئندہ کارروائی کے لیے حکومت کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔

ایوان میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر، اسکولوں اور کالجوں کی ترقی، صحت کے اداروں، سرکاری محکموں میں خالی عہدوں، سیاحت، باغبانی، پینے کے پانی، منشیات کی روک تھام، بڑھتے جرائم اور ٹرانسپورٹ نظام سے متعلق مسائل اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس کے پہلے دن سابق وزیر میجر وجے سنگھ منکوٹیا اور رکن اسمبلی نند لال کے انتقال پر تعزیتی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔

قرض، انتخابی ضمانتیں اور سرکاری املاک بی جے پی کے نشانے پر

اجلاس کے دوران بی جے پی ریاست کی مالی صورت حال، بڑھتے قرض اور سرکاری املاک کے انتظام کے معاملے پر حکومت سے جواب طلب کر سکتی ہے۔ ہماچل پردیش ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ہوٹلوں کو مبینہ طور پر نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری میں چلانے کی مجوزہ پالیسی، پیٹرہاف اور ہماچل نکیتن سے متعلق معاملات بھی اپوزیشن کے نشانے پر رہ سکتے ہیں۔

وائلڈ فلاور ہال ہوٹل کی نیلامی کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ قانون و انتظام، چٹا (منشیات) کی اسمگلنگ، نوجوانوں میں نشے کے بڑھتے رجحان، انتخابی وعدوں پر عمل درآمد اور ملازمین و پنشنرز کے زیر التوا مالی بقایاجات کے حوالے سے حکومت سے سوالات کیے جا سکتے ہیں۔ مانسون کی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور تعلیمی و طبی اداروں میں خالی عہدوں کا مسئلہ بھی بحث کا حصہ بن سکتا ہے۔

بی بی ایم بی پر سپریم کورٹ کا فیصلہ کانگریس کا اہم موضوع

اپوزیشن کے حملوں کا جواب دینے کے لیے کانگریس حکومت اپنی کامیابیوں اور مرکزی حکومت سے متعلق مسائل کو ایوان میں اٹھائے گی۔ بی بی ایم بی کے بجلی تقسیم کے معاملے پر سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ حکومت کے اہم موضوعات میں شامل ہوگا۔

عدالت نے ہماچل پردیش کو بی بی ایم بی کے منصوبوں میں اس کے حصے کے طور پر 20 برسوں کے دوران 11,973 ملین یونٹ بجلی دینے کی ہدایت دی ہے۔ ریاستی حکومت اسے ہماچل پردیش کے مالی حقوق کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے۔

کانگریس مرکزی حکومت کی جانب سے مالی مدد اور ریاست کے حقوق کے معاملے میں مبینہ نظراندازی کا مسئلہ بھی اٹھا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت اپنی فلاحی اسکیموں، ترقیاتی کاموں اور عوامی مفاد میں کیے گئے فیصلوں کو اپوزیشن کے الزامات کے جواب میں پیش کرے گی۔ گزشتہ دنوں کابینہ کی میٹنگ میں منظوری پانے والے تقریباً ایک درجن بل بھی اس اجلاس میں ایوان کے سامنے پیش کرکے منظور کرائے جانے کا امکان ہے۔

سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں سے ہوگی نگرانی

اسمبلی اسپیکر کلدیپ سنگھ پٹھانیا نے بتایا کہ اجلاس کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے پیر کی صبح 11 بجے دونوں جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی میٹنگ بلائی گئی ہے۔ انہوں نے حکمراں جماعت اور اپوزیشن سے ایوان کی کارروائی میں تعمیری تعاون کی اپیل کی ہے۔

اجلاس کے پیش نظر تپوون اسمبلی کمپلیکس میں سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ پورے علاقے کی نگرانی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ گاڑیوں کے داخلے کے لیے الگ الگ دروازے اور پاس کا نظام بھی مقرر کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande