
قبائلی وقار کے دن پر مودی نے کہا: نکسل تشدد سے سب سے زیادہ نقصان قبائلی سماج کو ہوا
گڑھ چرولی میں منعقدہ پروگرام میں 3,000 کروڑ روپے کے 246 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا
نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ اس سال جب ملک جن جاتیہ دیوس منا رہا ہے، تو ملک کے پاس دو بڑی کامیابیاں ہیں۔ ان میں غربت سے نجات اور نکسلزم و ماو¿ نواز دہشت گردی کا خاتمہ شامل ہے۔ یہ دونوں کامیابیاں قبائلی سماج سے بھی گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مہاراشٹر کے گڑھ چرولی میں منعقدہ جن جاتیہ دیوس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔
بھگوان برسا منڈا کے 151ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ اس پروگرام میں وزیر اعظم نے کہا کہ گڑھ چرولی سمیت ملک کے تمام قبائلی علاقوں میں نکسل تشدد سے سب سے زیادہ نقصان قبائلی برادری کو پہنچا ہے۔ سال 2014 میں ملک کے تقریباً 125 اضلاع ماو¿ واد اور نکسلزم سے متاثر تھے۔ ان علاقوں میں ہر سال تشدد کے سیکڑوں واقعات پیش آتے تھے اور ہزاروں بے قصور لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑتی تھی۔ ان میں بڑی تعداد قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی تھی۔
نکسلزم سے متاثرہ علاقوں کے ماضی کے حالات اور وہاں کے لوگوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماو¿ واد اور نکسلزم سے متاثرہ علاقوں میں قبائلی سماج کو طویل عرصے تک اس کے حال پر چھوڑ دیا گیا تھا۔ ان کے حقوق چھین لیے گئے تھے اور وہ اپنی بات تک نہیں رکھ پاتے تھے۔ ان علاقوں میں لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکا جاتا تھا، لیکن اس وقت کی حکومتیں خاموش تماشائی بنی رہتی تھیں۔ نکسل متاثرین کے خاندانوں کی بیٹیوں کو زبردستی اٹھا لیا جاتا تھا اور متاثرہ خاندان بے بسی کے عالم میں پریشان رہتے تھے۔ اب نکسلزم کے خاتمے کے بعد قبائلی سماج کی مائیں اور بہنیں خود کو محفوظ محسوس کررہی ہیں اور حکومت کو دعائیں دے رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نکسلزم کی وجہ سے جن بچوں کا بچپن چھن گیا تھا، وہ آج جوان ہوکر ملک کے مرکزی دھارے سے جڑ رہے ہیں۔ چھتیس گڑھ کے بستر کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب لوگ اس علاقے میں جانے سے ڈرتے تھے، لیکن اب وہاں حالات بدل رہے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل انہوں نے بستر کے مرکز میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی تھی۔ یہ تبدیلی ان علاقوں میں تحفظ اور اعتماد کا نیا ماحول قائم ہونے کی علامت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے نکسلزم سے متاثرہ علاقوں میں سیکورٹی کے ساتھ ساتھ ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ طویل عرصے سے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو آگے لانے کے لیے ملک بھر میں 100 سے زیادہ امنگوں والے اضلاع اور 500 سے زیادہ امنگوں والے بلاکس میں خصوصی مہم چلائی گئی ہے۔ ان میں بڑی تعداد ایسے علاقوں کی ہے جہاں قبائلی آبادی زیادہ ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ان علاقوں کے لوگوں کو ترقی کے مرکزی دھارے سے جوڑ کر بہتر سہولتیں اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
وزیر اعظم نے زراعت کے شعبے میں پسماندہ اضلاع کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ایم کرشی دھن دانیہ یوجنا‘ کے تحت ایسے 100 اضلاع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس کا مقصد وہاں کے کسانوں، غریب خاندانوں اور قبائلی سماج کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک میں اب قومی دنوں اور تہواروں کو غیر ملکی نقطہ نظر کے بجائے اپنی وراثت، تاریخ اور قومی ہیروز کے کارناموں کے تناظر میں یاد کیا جارہا ہے۔ یہ قومی شعور میں آنے والی ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔ قبائلی سماج کے ہیروز اور ان کی جدوجہد کو مناسب احترام دینا اور ان کی خدمات کو ملک کے سامنے لانا اسی دیسی خودداری کا حصہ ہے۔ انہوں نے بھگوان برسا منڈا کی جدوجہد اور ان کی ’اُلگُلان‘ تحریک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں ان کی قربانی اور جدوجہد آج بھی کروڑوں ہم وطنوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2021 میں 15 نومبر کو ’جن جاتیہ گورو دیوس ‘ منانے کی شروعات ہوئی تھی۔ تب سے یہ ایک قومی تہوار بن چکا ہے۔ گزشتہ سال بھگوان برسا منڈا کے150ویں یوم پیدائش پر ملک بھر میں دو لاکھ سے زیادہ پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں کروڑوں ہم وطنوں نے شرکت کی۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم نے تقریباً 3,000 کروڑ روپے کی لاگت والے 246 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں کا مقصد ملک بھر کی قبائلی برادریوں کے لیے تعلیم، صحت کی خدمات، روزگار اور کمیونٹی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیر اعظم نے 173 منصوبوں کا افتتاح کیا۔
ان میں قبائلی طلبہ کے لیے 38 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول (ای ایم آر ایس) اور وزیر اعظم جن جاتیہ آدیواسی نیائے مہا ابھیان (پی ایم جن من) کے تحت 100 کثیر المقاصد مراکز شامل ہیں۔ یہ مراکز خدمات کی فراہمی اور کمیونٹی سرگرمیوں کے مراکز کے طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے پی ایم جن من اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام ا±تکرش ابھیان (ڈی اے جے جی یو اے) کے تحت دیگر مختلف منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔
دیگر اہم منصوبوں میں اروناچل پردیش کے ایٹا نگر میں قبائلی تحقیقی ادارے (ٹی آر آئی) کی عمارت اور میزورم کے آئیزول میں روپویلیانی قبائلی مجاہدین آزادی میوزیم شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد قبائلی ثقافت اور وراثت کا تحفظ کرنا ہے۔
روپوایلیانی میوزیم میزورم کے قبائلی مجاہدین آزادی کی جرا¿ت، بہادری اور قربانیوں کی یاد دلانے کے ساتھ میزورم کی برادری کی مالا مال ثقافتی روایات، تاریخی وراثت اور تہذیبی اثاثوں کو بھی پیش کرے گا۔ اس میوزیم کا نام 19ویں صدی کی میزورم کی خاتون قبائلی سردار روپوایلیانی کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے برطانوی نوآبادیاتی حکومت کی بہادری سے مخالفت کی تھی۔ انہیں قبائلی مزاحمت اور قربانی کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے 19 نئے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس سے قبائلی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے قبائلی مصنوعات تیار کرنے والوں کی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے مقصد سے 12 قبائلی کثیر المقاصد مارکیٹنگ مراکز (ٹی ایم ایم سی) کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ پی ایم جن من اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام ا±تکرش ابھیان کے تحت مزید 42 منصوبوں کی بنیاد رکھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ