
نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔
وسطی دہلی کے پہاڑ گنج علاقے میں اتوار کی شام ہوٹل کی تعمیر کے دوران ایک عمارت کی دوسری منزل کا لینٹر ڈالتے وقت اس کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ اس حادثے میں وہاں کام کر رہے آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج و اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اتوار کو پہاڑ گنج تھانے میں عمارت کا ایک حصہ گرنے کے سلسلے میں پی سی آر کال موصول ہوئی تھی۔ یہ حادثہ کاشیروالان، سنگتراشن میں واقع پراپرٹی نمبر 3992-3993 میں پیش آیا۔ یہ مقام سرکاری گرلز سینئر سیکنڈری اسکول کے سامنے واقع ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور راحت و بچاو¿ کا کام شروع کیا۔ جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ عمارت میں ہوٹل تعمیر کیا جا رہا تھا۔ اتوار کی شام دوسری منزل کی چھت کا لینٹر ڈالا جا رہا تھا۔ اسی دوران عمارت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا۔
اس حادثے میں ملبے اور تعمیراتی مقام پر موجود شیخ صدام (37)، شیخ راجا (20)، محمد سہیل (50)، سنجود خان (40)، گوتم یادو (28)، ورون یادو (36)، راجا (36) اور منتسو (40) زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بعض زخمیوں کو فریکچر ہوا ہے، جبکہ کچھ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کی ابتدائی جانچ میں عمارت کے معاون کھمبے گیلے پائے گئے اور عمارت ایک جانب جھکی ہوئی نظر آئی۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ لینٹر گرنے کی اصل وجہ کیا تھی۔ پولیس تعمیراتی کام سے وابستہ تمام پہلوو¿ں کی جانچ کر رہی ہے۔ اس بات کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے کہ تعمیر کے دوران حفاظتی ضابطوں پر عمل کیا جا رہا تھا یا نہیں۔ معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ