
پٹنہ، 15 نومبر (ہ س)۔ لوک آستھا اور سورج اُپاسنا کے عظیم تہوار چھٹھ کے تیسرے دن اتوار کے روز بہار بھر میں عقیدت، بھکتی اور جوش و خروش کا شاندار نظارہ دیکھنے کو ملا۔ ورتیوں نے پورے مذہبی طریقے اور روایتی رسم و رواج کے ساتھ ڈوبتے ہوئے بھگوان بھاسکر کو اَرگھ پیش کیا۔ اس موقع پر راجدھانی پٹنہ سمیت ریاست کے مختلف اضلاع کے چھٹھ گھاٹوں پر عقیدت مندوں کی زبردست بھیڑ امڈ پڑی۔ روایتی چھٹھ گیتوں، چراغوں کی روشنی اور چھٹھی مَیا کے جے کاروں سے پورا ماحول عقیدت میں ڈوبا رہا۔ڈوبتے سورج کو اَرگھ دینے کے لیے ورتی دن بھر بغیر پانی پیے ورت رکھنے کے بعد شام کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ چھٹھ گھاٹوں پر پہنچے۔ ان کے ہاتھوں میں پوجا کے سامان سے سجے دَؤرا اور سوپ تھے، جن میں موسمی پھل، ٹھیکوا، ناریل، گنا اور دیگر روایتی پرساد رکھے ہوئے تھے۔گھاٹوں پر پہنچنے کے بعد ورتیوں نے ندی، تالاب اور دیگر آبی ذخائر میں کھڑے ہوکر ڈوبتے سورج کو دودھ اور پاکیزہ پانی سے اَرگھ پیش کیا۔ اس دوران انہوں نے بھگوان سورج اور چھٹھی مَیا سے اپنے اہل خانہ کی خوشحالی، صحت و تندرستی، آسودگی اور اولاد کے روشن مستقبل کی دعائیں مانگیں۔گھاٹوں پر عقیدت مندوں کی بھیڑ کے درمیان اہل خانہ نے بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ پوجا میں حصہ لیا۔ مختلف مقامات پر چھٹھ کے روایتی گیت گونجتے رہے۔ پوجا مقامات پر چراغوں کی روشنی اور سجے ہوئے گھاٹوں نے تہوار کی رونق میں مزید اضافہ کردیا۔چھٹھ مہاپرَو محض ایک مذہبی رسم نہیں بلکہ یہ خاندانی اتحاد، سماجی تعاون، قدرت کے تئیں اظہار تشکر اور لوک روایات کے تحفظ کی بھی علامت ہے۔ اس تہوار میں صفائی، نظم و ضبط، ضبط نفس اور اجتماعی شرکت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چھٹھ کے موقع پر گاؤں سے لے کر شہروں تک لوگ متحد ہوکر گھاٹوں کی صفائی اور پوجا کی تیاریوں میں مصروف رہتے ہیں۔چار روزہ چھٹھ مہاپرَو کے آخری دن پیر کی صبح ورتی ایک بار پھر چھٹھ گھاٹوں پر پہنچیں گے اور طلوع ہونے والے سورج کو اَرگھ پیش کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی چار روزہ سخت مذہبی انوشٹھان اختتام پذیر ہوگا۔ صبح کا اَرگھ دینے کے بعد ورتی پارن کریں گے اور اپنا 36 گھنٹے کا نرجلا ورت مکمل کریں گے۔ اس طرح لوک آستھا کے اس عظیم تہوار کا باقاعدہ اختتام ہوجائے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan