
نئی دہلی، 15 نومبر(ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی رہنماؤں نے اتوار کو ’دھرتی آبا‘ برسا منڈا کے یومِ پیدائش کے موقع پر ملک کے عوام کو ’جنجاتیہ گورو دیوس‘ کی دلی مبارک باد دی۔
صدر جمہوریہ مرمو نے ایکس پر لکھا، ’’یہ دن ہمارے مالا مال قبائلی ورثے اور ملک کے لیے قبائلی برادریوں کی تاریخی خدمات کو یاد کرنے کا ایک موقع ہے۔ مجھے امید ہے کہ تمام اہل وطن جامع ترقی کی راہ پر آگے بڑھتے ہوئے ہمارے اس بیش قیمت ورثے کو محفوظ رکھیں گے۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ برسا منڈا نے برطانوی حکومت کے خلاف قبائلی برادری کی قیادت کی اور ان کے حقوق، عزت اور شناخت کے لیے جدوجہد کی۔ ان کی ’الگلان‘ (بغاوت) کی اپیل نے آزادی اور انصاف کی لڑائی کو ایک مضبوط آواز دی۔ اس دن ہم ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد اور ملک کی تعمیر میں قبائلی برادریوں کی بیش قیمت خدمات کو یاد کرتے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’دھرتی آبا‘ کی بے مثال جرأت، جدوجہد اور قربانی ملک کی ہر نسل کو خودداری، آزادی اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تحریک دیتی رہے گی۔ ان سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے بی جے پی حکومت قبائلی بھائیوں اور بہنوں کے لیے عزت، مواقع اور خوش حالی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ برسا منڈا کی زندگی قربانی، ریاضت، جدوجہد اور عوامی خدمت کی ایک سبق آموز داستان ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے حب الوطنی، سماجی ہم آہنگی اور انصاف کی اقدار کو ہمیشہ روشن کرتی رہے گی۔ برسا منڈا کی غیر معمولی خدمات ہندوستانی تاریخ کا ایک بیش قیمت سرمایہ ہیں۔ ان کے اصول سبھی کو قبائلی سماج کے وقار، حقوق اور ہمہ جہت ترقی کے تئیں پابند عہد رہنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ برسا منڈا کی زندگی اور ان کے اصول آنے والی نسلوں کو ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے، اپنی ثقافت پر فخر کرنے اور ملک کے تئیں اپنے فرائض ادا کرنے کے لیے ہمیشہ تحریک دیتے رہیں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ و امدادِ باہمی امت شاہ نے کہا کہ بھگوان برسا منڈا نے قبائلی برادریوں میں خودداری اور بیداری کا جذبہ پیدا کیا۔ اس کے ساتھ ہی اپنی ثقافت اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ’الگلان آندولن‘ کے ذریعے انہوں نے برطانوی حکومت کے خلاف انقلاب کی اپیل کی۔ ان کی زندگی ہمیں ملک کی فلاح و بہبود کے لیے متحد ہونے اور قربانی و لگن کا جذبہ اپنانے کی مسلسل ترغیب دیتی ہے۔
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے کہا کہ ملک کے عظیم سپوت بھگوان برسا منڈا کی زندگی بہادری اور جرأت کی علامت ہے۔ اپنے کاموں اور دور اندیشی کے ذریعے انہوں نے سماج کو ایک نئی سمت دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن