
موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش میں ایک بس دوسری بس سے ٹکرا گئی،حادثے میں 21 مسافر زخمی، چار کی حالت تشویشناک
ترن تارن، 14 نومبر (ہ س)۔
پنجاب کے ضلع ترن تارن میں ہفتہ کی شام قومی شاہراہ نمبر 54 پر نوشہرہ پنوں کے قریب یاتریوں سے بھری دو بسوں کے درمیان آمنے سامنے زبردست ٹکر ہو گئی۔ اس دردناک حادثے میں چار عقیدت مندوں کی موت ہو گئی، جبکہ 21 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں علاج کے لیے امرتسر بھیج دیا گیا ہے۔ مرنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ دونوں بسیں پنجاب حکومت کی تیرتھ یاترا اسکیم کے تحت عقیدت مندوں کو لے کر جا رہی تھیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ہفتہ کی شام تقریباً چار بجے پیش آیا۔ ایک بس فیروزپور سے عقیدت مندوں کو لے کر امرتسر میں واقع شری دربار صاحب کے درشن کرانے گئی تھی اور لوٹ رہی تھی۔ اس بس میں 37 عقیدت مند سوار تھے۔ وہیں دوسری بس ہریکے سے تقریباً 50 عقیدت مندوں کو لے کر امرتسر جا رہی تھی۔
نوشہرہ پنواں کے قریب اچانک ایک موٹر سائیکل سوار بس کے سامنے آگیا۔ اسے بچانے کی کوشش میں ڈرائیور بس پر سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا۔ اس کے بعد بس ڈیوائیڈر پار کرکے سڑک کی دوسری جانب پہنچ گئی اور سامنے سے آنے والی دوسری بس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں بسوں کے اگلے حصے بری طرح تباہ ہو گئے۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر بسوں میں پھنسے عقیدت مندوں کو باہر نکالنا شروع کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں بسوں کے درمیان ٹکر کے دوران زوردار دھماکے جیسی آواز سنائی دی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سڑک حفاظتی دستے اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور راحت و بچاو¿ کا کام شروع کر دیا۔
حادثے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ترن تارن کے سول سرجن ڈاکٹر سندیپ دھون نے سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ تمام ایمبولینسوں کو جائے حادثہ پر روانہ کیا گیا اور ڈاکٹروں کو فوری طور پر اسپتال طلب کر لیا گیا۔
ڈاکٹر ممتاز نے بتایا کہ اسپتال میں چار مہلوکین کی لاشیں لائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 12 مردوں اور 9 خواتین کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے چار شدید زخمی عقیدت مندوں کو بہتر علاج کے لیے امرتسر بھیج دیا گیا ہے۔
زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے دوران راستے میں ٹریفک جام ہو گیا، جس میں تین ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں۔
ترن تارن کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سریندر کمار لامبا نے حادثے میں چار عقیدت مندوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے اور پولیس کی ٹیمیں راحت و بچاو¿ کے کام میں مصروف ہیں۔
فی الحال مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکیہے۔ پولیس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ