
کے ٹی آر کا کانگریس پر انتخابی وعدے پورے نہ کرکے تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام
حیدرآباد، 14 نومبر(ہ س)۔ بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کانگریس حکومت پر انتخابی وعدے پورے نہ کرکے تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے تلنگانہ کے عوام سے کیے گئے 420 وعدوں، 13 اعلانات اور 6 ضمانتوں کے بارے میں جواب طلب کیا ہے۔
راما راؤ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جھوٹ، سفید جھوٹ اور پھر آتا ہے کانگریس کا انتخابی منشور ’ابھئے ہستم‘۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے پسماندہ طبقات کے لیے 1 لاکھ کروڑ روپے بجٹ مختص کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن 3 برسوں میں 5 ہزار کروڑ روپے سے بھی کم رقم مختص کی گئی۔ راؤ نے الزام لگایا کہ پسماندہ طبقات کو تعلیم، روزگار اور سرکاری ٹھیکوں میں 42 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا، لیکن ایک بھی یقین دہانی پوری نہیں کی گئی۔
اسی طرح غریب درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے خاندانوں کے لیے ’امبیڈکر ابھئے ہستم‘ کے نام سے نئی اسکیم شروع کرنے اور 12 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن کسی بھی خاندان کو مدد نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کو سرکاری ٹھیکوں میں 31 فیصد حصہ داری دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا، لیکن یہ وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔
کے ٹی آر نے دعویٰ کیا کہ 365 دنوں کے اندر 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن صرف 10 ہزار ملازمتیں ہی پیدا ہوئیں۔ انہوں نے طلبہ کے لیے 5 لاکھ روپے کے ’ودیا بھروسہ کارڈ‘ اور اقلیتی فلاح و بہبود کے لیے ناکافی بجٹ مختص کیے جانے پر بھی سوال اٹھائے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن