
اوڈیشہ کی ہر پنچایت کو ترقیاتی کاموں کے لیے 25 سے 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے: شیوراج
بھونیشور، 14 نومبر (ہ س)۔
مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے ہفتہ کے روز کہا کہ اوڈیشہ کے غریب خاندانوں کو فوری طور پر 5 لاکھ پکے مکانات فراہم کیے جائیں گے اور ہر مستحق خاندان کو پکا گھر ملے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بلانگیر میں نئے زرعی کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
مرکزی وزیر دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان آج اوڈیشہ کے بلانگیر میں منعقدہ ’پردھان منتری آواس یوجنا-دیہی‘ (پی ایم اے وائی-جی) کے ریاستی سطح کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر نے اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی کی موجودگی میں ریاست کے غریبوں، کسانوں اور خواتین کے لیے کئی اہم اعلانات کیے۔
پروگرام میں نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر زراعت کنک وردھن سنگھ دیو، وزیر برائے پنچایتی راج و پینے کا پانی روی نارائن نائک، وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر مکیش مہالنگ، رکن پارلیمنٹ سنگیتا کماری سنگھ دیو کے علاوہ علاقائی ارکان اسمبلی نوین کمار جین، لکشمن باغ اور روپا مشرا خصوصی طور پر موجود تھے۔
مرکزی وزیر چوہان نے یقین دہانی کرائی کہ مکانات کی فراہمی کے لیے اب درست سروے مکمل ہو چکا ہے اور کوئی بھی غریب کچی جھونپڑی میں نہیں رہے گا۔ تمام مستحق افراد کو مرحلہ وار پکے مکانات فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی گھروں پر سولر پینل لگانے کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومت مل کر سبسڈی فراہم کریں گی، جس سے بجلی کا بل صفر ہو جائے گا اور اضافی بجلی فروخت کرکے لوگ آمدنی بھی حاصل کر سکیں گے۔
خواتین کی طاقت کو سلام پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ سبھدرا یوجنا کے تحت سالانہ 10 ہزار روپے ملنے سے اوڈیشہ کی بہنوں کے اعتماد اور وقارمیں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ موہن مانجھی کی قیادت میں اوڈیشہ نے مقررہ وقت سے ایک سال پہلے ہی 27 لاکھ کا ہدف عبور کرتے ہوئے 29 لاکھ خواتین کو ’لکھ پتی دیدی‘ بنا دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے پانچ برسوں میں ملک بھر کی خواتین کو لکھ پتی بنانے کے لیے بینکوں کے ذریعے 10 لاکھ کروڑ روپے کے قرض فراہم کیے جائیں گے۔ یہی نہیں، اب صرف خواتین کے گروپوں کو ہی نہیں بلکہ جو خاتون اکیلے بھی اپنا کام، کاروبار یا تجارت شروع کرنا چاہے گی، اسے بھی بغیر کسی دشواری کے قرض فراہم کیا جائے گا۔
کسانوں کی خدمت کو بھگوان کی پوجا قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر چوہان نے وعدہ کیا کہ بلانگیر میں جس زرعی کالج کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، اسے انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) اور حکومت ہند کے تعاون سے ملک کا بہترین زرعی کالج بنایا جائے گا، جہاں ملک کے ممتاز سائنس دان کسانوں کی مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ کی زراعت کو جدید بنانے کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر ایک ٹھوس روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت ایک ایسی اسکیم لائی جا رہی ہے جس میں کسانوں کے کھیتوں کے اوپر سولر پینل لگائے جائیں گے اور ان کے نیچے پھلوں اور سبزیوں کی کاشت ہوگی۔ اس سے کسانوں کو دوہرا فائدہ حاصل ہوگا۔
اس کے علاوہ پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم سے محروم رہ جانے والے تمام مستحق کسانوں کے نام بھی اب فہرست میں شامل کر دیے گئے ہیں۔
چوہان نے کہا کہ اڈیشہ میں ترقی کا ایک عظیم مشن جاری ہے۔
انہوں نے بلانگیر کی لوک ثقافت، نوآکھائی تہوار اور ڈھال کھائی و رسارکیلی رقص کو سلام پیش کرتے ہوئے وہاں موجود عوام کو ترقی یافتہ اوڈیشہ کی تعمیر کا عہد دلایا۔
اپنے مخصوص دوستانہ اور اپنائیت بھرے انداز میں انہوں نے کہا کہ وہ یہاں کوئی خصوصی مہمان یا معزز شخصیت بن کر نہیں آئے ہیں، بلکہ زراعت اور دیہی ترقی کے وزیر کی حیثیت سے عوام کے ایک عاجز خادم بن کر آئے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی سادہ، ملنسار اور دن رات کام کرنے والے عوامی خدمت گار ہیں، جو وزیر اعظم نریندر مودی کے ’وکست بھارت‘ کے عزم کو پورا کرنے کے لیے ’وکست اوڈیشہ‘ کی تعمیر میں مصروف ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ