جرمنی میں انٹیلی جنس اداروں کو خفیہ سائبر اور تخریبی کارروائیوں کی اجازت
برلن،14نومبر(ہ س)۔روسی خطرے کے پیش نظر جرمن پارلیمنٹ نے انٹیلی جنس اداروں کے اختیارات میں توسیع سے متعلق قانون منظور کر لیا ہے۔ نئے قانون کے تحت ملکی اور غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کو سائبر حملوں اور دیگر خفیہ کارروائیوں کے ذریعے دشمن ممالک کی سرگرمیوں
جرمنی میں انٹیلی جنس اداروں کو خفیہ سائبر اور تخریبی کارروائیوں کی اجازت


برلن،14نومبر(ہ س)۔روسی خطرے کے پیش نظر جرمن پارلیمنٹ نے انٹیلی جنس اداروں کے اختیارات میں توسیع سے متعلق قانون منظور کر لیا ہے۔ نئے قانون کے تحت ملکی اور غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کو سائبر حملوں اور دیگر خفیہ کارروائیوں کے ذریعے دشمن ممالک کی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کا اختیار حاصل ہوگا، تاہم انہیں کسی شخص کے خلاف تشدد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

جرمن ایوانِ زیریں بنڈسٹاگ نے ایک نئے قانون کی منظوری دی ہے، جس کے ذریعے ملک کے انٹیلی جنس اداروں کو نگرانی کے وسیع تر اختیارات اور غیر ملکی ایجنسیوں کی کارروائیوں کا جواب دینے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت خفیہ ادارے تخریب کاری اور سائبر حملوں جیسی کارروائیاں بھی کر سکیں گے۔ قانون سازی کے دوران روس کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرات کو بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔

جرمنی کے وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دہشت گردی، انتہا پسندی اور غیر ملکی طاقتوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جرمن انٹیلی جنس اداروں کا کردار اب تک بنیادی طور پر معلومات جمع کرنے تک محدود تھا، لیکن بدلتے ہوئے حالات میں انہیں خطرات کو روکنے اور دشمن کی کارروائیوں کا جواب دینے کے لیے مزید اختیارات کی ضرورت ہے۔نئے قانون کے تحت جرمن خفیہ ادارے دیگر ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرح مخصوص انتظامی اور عملی کارروائیاں انجام دے سکیں گے۔یہ قانون ایسے وقت میں منظور کیا گیا ہے جب جرمنی ممکنہ روسی فوجی خطرے کے پیش نظر اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بھی مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

نئی قانون سازی کے تحت ملکی اور غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے سائبر کارروائیوں کے ذریعے دشمن کے معلوماتی نظام میں مداخلت، ڈیٹا میں تبدیلی یا اسے حذف کر سکیں گے۔ان کارروائیوں کی ممکنہ مثالوں میں ہتھیار تیار کرنے سے متعلق ہدایات میں ردوبدل، ڈرون بنانے والی فیکٹریوں کے کمپیوٹر نظام کو ناکارہ بنانا اور کیمیائی ہتھیاروں کی تجربہ گاہوں کے معلوماتی نظام کو تباہ کرنا شامل ہے۔تاہم قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ خفیہ اداروں کو کسی فرد کے خلاف جسمانی تشدد یا پرتشدد کارروائی کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہوگا۔

قانون کے تحت انٹیلی جنس اداروں کے نئے اختیارات کی نگرانی کے لیے ایک آزاد نگران کونسل قائم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں اور ناقدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان اختیارات سے قانون کی حکمرانی اور شہری آزادیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، بائیں بازو کی جماعت ’دی لنکے‘ کے پارلیمانی بلاک کی رکن کلارا بنگر نے وزیر داخلہ ڈوبرنڈٹ پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ جرمنی میں ایک نئی خفیہ پولیس تشکیل دے رہے ہیں۔مخالفین کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں کو اس قدر وسیع اختیارات دینا جرمنی کی تاریخ میں نازی اور کمیونسٹ حکومتوں کے دور میں خفیہ اداروں کے ذریعے ہونے والی زیادتیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے نزدیک قومی سلامتی کے نام پر ایسے اختیارات کی حدود اور ان کی نگرانی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande