غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ، مصر، ترکیہ اور قطر کا مشترکہ مؤقف
قاہرہ،14نومبر(ہ س)۔مصر، ترکیہ اور قطر نے غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے اور جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ تینوں ممالک کے خفیہ اداروں کے سربراہان نے قاہرہ میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں غزہ کی تازہ صورتحال
غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ، مصر، ترکیہ اور قطر کا مشترکہ مؤقف


قاہرہ،14نومبر(ہ س)۔مصر، ترکیہ اور قطر نے غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے اور جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ تینوں ممالک کے خفیہ اداروں کے سربراہان نے قاہرہ میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں غزہ کی تازہ صورتحال اور جنگ بندی کے نفاذ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں تینوں ممالک کے حکام نے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی تکمیل اور اس کی تمام شقوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ خاص طور پر غزہ میں حملے روکنے اور خراب موسمی حالات سے متاثرہ فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد میں اضافہ کرنے پر زور دیا گیا۔

شرکا نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی جاری خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں بلا تاخیر ٹھوس اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے اور غزہ میں دیرپا و پائیدار امن کے قیام کے لیے عملی پیش رفت ضروری ہے۔

دوسری جانب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کے روز وسطی غزہ کے شہر دیر البلح کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری سے تین فلسطینی جاں بحق اور تقریباً 20 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بچوں کی تعداد زیادہ بتائی گئی ہے۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے القسطل ٹاورز کے اطراف متعدد گولے داغے، جس کے نتیجے میں تین شہریوں کی موت ہو گئی اور تقریباً 20 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو الاقصیٰ شہدائ اسپتال منتقل کیا گیا۔ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیلی توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرقی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔

ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ کے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر فضائی حملے میں حماس کے ایک کمانڈر اور اس کے مبینہ کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا۔ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے، جن میں 13 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز جاری بیان میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت محمد ابو اسماعیل کے طور پر کی، جسے اس نے حماس کی خان یونس بریگیڈ کے کمانڈروں میں سے ایک قرار دیا۔ فوج نے الزام لگایا کہ وہ اسرائیلیوں کے خلاف حملوں میں ملوث تھا اور یرغمالیوں کو قید میں رکھنے میں بھی اس کا کردار تھا۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حماس نے اسپتال کی دوسری منزل کو اسرائیلی فوجیوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کیا تھا۔ فوج نے یہ الزام بھی لگایا کہ اسپتال کے اندر ہتھیار ذخیرہ کیے گئے اور یرغمالیوں کو رکھا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں اور اس سے قبل اسپتال کے اندر مبینہ فوجی سرگرمیاں بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

ایم ایس ایف نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ مریضوں اور طبی عملے کو ایک بار پھر اسپتال کے اندر ہلاک اور زخمی کیا جا رہا ہے، حالانکہ اسپتال ایسی جگہیں ہیں جہاں انسانی جانیں بچائی جانی چاہئیں۔تنظیم کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک ناصر میڈیکل کمپلیکس کو کم از کم چھ فضائی حملوں، متعدد زمینی کارروائیوں، توپ خانے کی گولہ باری اور فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ایم ایس ایف نے زور دیا کہ اسپتالوں کو محفوظ پناہ گاہوں کے طور پر برقرار رکھا جانا چاہیے، جہاں مریض بلا خوف علاج کرا سکیں اور طبی عملہ اپنی جانوں کی سلامتی کی فکر کیے بغیر انسانی خدمات انجام دے سکے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande