
کازی رنگا، 14 نومبر (ہ س)۔ کازی رنگا سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 26 ہوگئی ہے۔ ہفتہ کی صبح علاج کے دوران ایک دوشیزہ نے جورہاٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (جے ایم سی ایچ) میں دم توڑ دیا۔ اس کی شناخت لکشمی ماجھی کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے میں جان گنوانے والے 26 افراد میں سے 23 افراد کی شناخت ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ مرنے والوں کی شناخت دیپانجلی رنگ فارپی، جیوتی ماجھی، انوراگ گوالا، دامنی گھٹوال، بےبی کرمکار، درپنا ماجھی، سبھاش داس، ڈرائیور عبدالمجید، پورنیما گوالا، عبدالرشید علی، فیض الاسلام، فرحانہ یاسمین، سنیل بھومیج، فائز الاسلام، رنجیتا گھٹوال، محمد رفیق، گنگا گوالا، محمد علی، فاروق احمد، گلابی بیگم، مینا معراج، دیپک گرونگ کے علاوہ جے ایم سی ایچ میں آج صبح لکشمی ماجھی کے طور پر ہوئی ہے۔
آسام کے کازی رنگا نیشنل پارک کے قریب جمعہ کو ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک منی بس اور کنٹینر ٹرک کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔
حادثے میں 23 افراد کی موت جمعہ کو جائے حادثہ اور گولاگھاٹ ضلع کے کہرا اسپتال میں ہوئی تھی، جب کہ جے ایم سی ایچ میں گزشتہ رات تک 2 اور آج صبح ایک نوجوان خاتون کی موت ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ جے ایم سی ایچ میں 7 شدید زخمیوں کا انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں علاج جاری تھا۔ جے ایم سی ایچ میں مجموعی طور پر کتنے زخمیوں کا علاج چل رہا ہے، اس کی سرکاری طور پر کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق تقریباً 20 زخمیوں کو جے ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا تھا۔
آج صبح وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما گولاگھاٹ کے رنگاجان میں واقع جائے حادثہ کا دورہ کرنے پہنچنے والے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تمام زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
تقریباً 23 مہلوکین کی لاشیں گولاگھاٹ ضلع اسپتال میں رکھی گئی ہیں، جن کا آج پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے لیے گوہاٹی سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی گولاگھاٹ پہنچ گئی ہے۔ اس دردناک حادثے کے باعث پوری ریاست میں شدید سوگ کی فضا ہے۔
مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے قومی شاہراہ انتظامیہ پر سڑک کی مرمت پر توجہ نہ دینے کا الزام لگایا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کا محکمہ جگہ جگہ ٹول ٹیکس وصول کر رہا ہے، لیکن سڑک کی مرمت کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن