
پونے، 14 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اتوار 15 اور پیر 16 نومبر کو پونے کے 2 روزہ دورے پر آئیں گے۔ اس دوران صنعتی، امداد باہمی، سماجی اورتاریخی شعبوں سے متعلق مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ دورے میں سابق نائب وزیراعلیٰ آنجہانی اجیت پوار کے مجسمے کی نقاب کشائی اور مراٹھا تاریخ کے ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کا افتتاح شامل ہے۔ مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب پرسیاسی اور انتظامی حلقوں کی خصوصی توجہ مرکوز ہے۔اتوار 15 نومبرکو امت شاہ منڈھوا میں بھارت فورج لمیٹڈ کے کیمپس کا دورہ کریں گے، جہاں کمپنی کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پرنصب یادگاری تختی کی نقاب کشائی کریں گے۔ اس کے بعد تلے گاؤں دابھاڑے میں کثیرریاستی امداد باہمی ادارے نیشنل ہیوی انجینئرنگ کوآپریٹولمیٹڈ کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ وہ مرکزی رجسٹراربرائے امداد باہمی ادارہ جات کے علاقائی دفترکا ورچوئل افتتاح اور پونے میں بھارت ٹیکسی سروس کا آغاز بھی کریں گے۔ پہلے دن صنعتی اور امداد باہمی سرگرمیوں پر توجہ رہے گی۔پیر16 نومبر کو امت شاہ سیناپتی باپٹ مارگ پر واقع بھارتیہ جین سنگھٹنا اور شانتی لال موتھا فاؤنڈیشن کے صدر دفاتر جائیں گے۔ اسی روز ضلع پریشد کے دفتر میں آنجہانی سابق نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔ دورے کے دوسرے دن سماجی اداروں سے متعلق پروگراموں کے ساتھ تاریخی تحقیق کے شعبے کا ایک منصوبہ بھی ان کے پروگرام میں شامل ہے۔سداشیوپیٹھ کے پیروگیٹ علاقے میں بھارت اتہاس سنشودھک منڈل کے تیار کردہ مراٹھا تاریخ ڈیجیٹلائزیشن منصوبے اور آن لائن رسائی پورٹل کا افتتاح بھی امت شاہ کریں گے۔ یہ تقریب ادارے کے وی کے راجواڑے آڈیٹوریم میں ہوگی۔ اس منصوبے سے مراٹھا تاریخ کے تحقیقی مواد کو ڈیجیٹل ذریعے سے دستیاب کرانے کے عمل کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ 2 روزہ دورے میں صنعتی اداروں، امداد باہمی تنظیموں، سماجی اداروں اور تاریخی تحقیقی مرکز کے پروگرام شامل ہیں، جبکہ اجیت پوار کے مجسمے کی نقاب کشائی اور تاریخ کے ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کا افتتاح نمایاں تقریبات ہوں گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / جاوید این اے