
منشیات کے غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کو اپنا دھندا یا پنجاب چھوڑنا ہوگا: نائب سینی
چنڈی گڑھ، 14 نومبر (ہ س)۔
ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ پنجاب میں اقتدار کی تبدیلی کے نام پر عوام کو بڑے بڑے خواب دکھانے والی عام آدمی پارٹی اب اپنے وعدوں کا حساب دینے سے بچ نہیں سکتی۔
وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ جھوٹے وعدوں کے سہارے اقتدار میں آنے والی پارٹی نے پنجاب کو بدعنوانی، منشیات اور بدنظمی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے ہریانہ حکومت کی اسکیموں اور کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے خواتین، بزرگوں اور کسانوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی ہفتہ کے روز پنجاب کے پٹیالہ میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سردار ہریندر سنگھ سبروال کی قیادت میں بڑی تعداد میں لوگوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس پر وزیر اعلیٰ نے ان کا خیرمقدم کیا۔
وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ 2022 میں پنجاب کے عوام نے تبدیلی کی امید کے ساتھ عام آدمی پارٹی کو 117 میں سے 92 نشستیں دے کر تاریخی مینڈیٹ دیا تھا۔
عوام کو امید تھی کہ ریاست سے منشیات کا خاتمہ ہوگا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، کسانوں کے مسائل حل ہوں گے اور بدعنوانی سے پاک حکومت قائم ہوگی۔ عام آدمی پارٹی نے خود کو کٹر ایماندار قرار دے کر عوام کا اعتماد حاصل کیا تھا، لیکن آج پنجاب کے عوام اسی پارٹی سے اس کے وعدوں کا حساب مانگ رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ