چمکور صاحب سے ٹکٹ کٹنے پر ناراض عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نے انتخابات لڑنے کا اعلان کیا
۔جس ویر سنگھ گڑھی کو امیدوار بنائے جانے پر اعتراض، کہا۔ ایک سال سے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کا وقت نہیں ملا چنڈی گڑھ، 14 نومبر (ہ س)۔ پنجاب میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عام آدمی پارٹی (آپ) کی جانب سے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کیے جانے کے ب
AAP-MLA-denied-a-ticket-from-


۔جس ویر سنگھ گڑھی کو امیدوار بنائے جانے پر اعتراض، کہا۔ ایک سال سے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کا وقت نہیں ملا

چنڈی گڑھ، 14 نومبر (ہ س)۔ پنجاب میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عام آدمی پارٹی (آپ) کی جانب سے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کیے جانے کے بعد پارٹی کے اندر ناراضگی سامنے آنے لگی ہے۔ چمکور صاحب اسمبلی حلقے سے ٹکٹ کٹنے کے بعد موجودہ آپ رکن اسمبلی ڈاکٹر چرن جیت سنگھ نے پارٹی کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ ہر حال میں چمکور صاحب سے اسمبلی انتخاب لڑیں گے۔

عام آدمی پارٹی نے جمعرات کو جاری امیدواروں کی دوسری فہرست میں چمکور صاحب سے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے سابق پنجاب صدر اور پنجاب ریاستی درج فہرست ذات کمیشن کے سابق چیئرمین جس ویر سنگھ گڑھی کو امیدوار بنایا ہے۔ گڑھی کو اگست میں چمکور صاحب اسمبلی حلقے کا انچارج مقرر کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر چرن جیت سنگھ نے 2022 کے اسمبلی انتخابات میں پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما چرن جیت سنگھ چنی کو 7,900 سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر بڑی جیت حاصل کی تھی۔ تاہم اس بار پارٹی نے ان کا ٹکٹ کاٹ کر جس ویر سنگھ گڑھی پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔

پارٹی کے اس فیصلے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے چرن جیت سنگھ نے کہا کہ انہوں نے پوری ایمانداری کے ساتھ رکن اسمبلی کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ ان کے خلاف نہ تو کوئی الزام ہے اور نہ ہی بدعنوانی کا کوئی معاملہ۔ اس کے باوجود پارٹی نے ان کا ٹکٹ کیوں کاٹا، یہ ان کی سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کو شکست دینے کے باوجود پارٹی نے انہیں کوئی دوسری ذمہ داری نہیں دی۔ حالانکہ انہوں نے کبھی وزارت یا کسی دوسرے عہدے کا مطالبہ نہیں کیا۔چرن جیت سنگھ نے جس ویر سنگھ گڑھی کو امیدوار بنائے جانے پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے گڑھی کی جانب سے چمکور صاحب سے انتخاب جیتنے کی صلاحیت پر شبہ ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب گڑھی کو اسمبلی حلقے کا انچارج بنایا گیا تھا تو انہیں بتایا گیا تھا کہ گڑھی تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے آئے ہیں۔ خود گڑھی نے بھی کہا تھا کہ وہ تنظیم کو مستحکم کرنے آئے ہیں، انتخاب لڑنے نہیں۔چرن جیت سنگھ نے کہا کہ انہیں پوری امید تھی کہ پارٹی ان کے کام کو دیکھتے ہوئے انہیں دوبارہ ٹکٹ دے گی۔

رکن اسمبلی چرن جیت سنگھ نے اپنی مدت کار میں کرائے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اسمبلی حلقے کے 50 گاو¿ں کے لیے 75 کروڑ روپے کی لاگت سے آب پاشی کا منصوبہ نافذ کیا گیا۔ اس کے علاوہ 50 بستروں والا اسپتال قائم کیا گیا اور پینے کے پانی کے دو منصوبے شروع کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پٹواری دفتر، جانوروں کا اسپتال، فائر بریگیڈ دفتر، ہینڈ بال میدان، کئی بس اسٹاپ اور عام آدمی کلینک بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ذریعے کرائے گئے ترقیاتی کاموں کی فہرست کافی طویل ہے۔

چرن جیت سنگھ نے پارٹی قیادت پر ان کی بات نہ سننے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے وہ اپنے اسمبلی حلقے کے بعض منصوبوں کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ بھگونت مان سے صرف دو منٹ کا وقت مانگ رہے ہیں، لیکن انہیں ملاقات کا وقت نہیں ملا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ کے خصوصی افسر برائے امور اور متعلقہ آئی اے ایس افسر سے رابطہ کرنے کے باوجود ان کی ملاقات نہیں ہو سکی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ایک رکن اسمبلی کو وزیر اعلیٰ سے ملنے کا وقت نہیں ملتا تو عام آدمی کیا امید کر سکتا ہے۔ چرن جیت سنگھ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سے ملاقات کا وقت مانگا تھا، لیکن دو ماہ گزر جانے کے باوجود انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا۔

آئندہ اسمبلی انتخابات لڑنے کے سوال پر چرن جیت سنگھ نے واضح کیا کہ وہ ہر حال میں چمکور صاحب اسمبلی حلقے سے انتخاب لڑیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی ان کے رابطے میں ہیں۔قابل ذکر ہے کہ چرن جیت سنگھ پیشے کے اعتبار سے ماہر امراض چشم ہیں۔ انہوں نے 2017 میں بھی چمکور صاحب سے اسمبلی انتخاب لڑا تھا، لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 2022 میں انہوں نے چرن جیت سنگھ چنی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب جس ویر سنگھ گڑھی جنوری 2025 میں بی ایس پی چھوڑ کر عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعد انہیں پنجاب ریاستی درج فہرست ذات کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ گڑھی 2022 میں پھگواڑہ سے اسمبلی انتخاب اور 2024 میں آنندپور صاحب سے لوک سبھا انتخاب لڑ چکے ہیں۔ دونوں انتخابات میں انہیں شکست ہوئی تھی۔

پنجاب میں اگلے سال کے آغاز میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ ایسے میں ٹکٹ کٹنے کے بعد موجودہ رکن اسمبلی کی ناراضگی نے چمکور صاحب اسمبلی حلقے میں سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande