ایران کے جوہری پروگرام پر آئی اے ای اے کی تشویش میں اضافہ، افزودہ یورینیئم کے ذخیرے کا مقام تاحال نامعلوم
ویانا، 13 نومبر(ہ س)۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اپنی تازہ خفیہ رپورٹ رکن ممالک کو ارسال کردی ہے۔ رپورٹ میں ایران کے افزودہ یورینیئم کے ذخیرے، جوہری تنصیبات کی موجودہ صورتِ حال اور معائنے کے لیے رسا
ایران کے جوہری پروگرام پر آئی اے ای اے کی تشویش میں اضافہ، افزودہ یورینیئم کے ذخیرے کا مقام تاحال نامعلوم


ویانا، 13 نومبر(ہ س)۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اپنی تازہ خفیہ رپورٹ رکن ممالک کو ارسال کردی ہے۔ رپورٹ میں ایران کے افزودہ یورینیئم کے ذخیرے، جوہری تنصیبات کی موجودہ صورتِ حال اور معائنے کے لیے رسائی نہ ملنے پر گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے افزودہ یورینیئم کی موجودہ مقدار، مقام اور صورتِ حال کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔ اس نے ایران سے فوری طور پر معائنہ کاروں کو رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ آئی اے ای اے نے خاص طور پر اصفہان میں واقع یورینیئم افزودگی پلانٹ کے بارے میں تشویش ظاہر کی ہے۔ ایران نے جون 2025 میں اس پلانٹ کے قیام کی اطلاع ایجنسی کو دی تھی، تاہم اب تک وہاں معائنہ کاروں کو جانے کی اجازت نہیں ملی۔ رپورٹ کے مطابق ایجنسی کو اس پلانٹ کے درست مقام، حفاظتی نگرانی کے تحت اس کی موجودہ حیثیت اور وہاں جوہری مواد کی موجودگی کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات حاصل نہیں ہیں۔ پلانٹ کے ڈیزائن سے متعلق دستاویزات تک بھی رسائی نہیں دی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی اے ای اے نے 13 جون 2025 کو اس پلانٹ کا معائنہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن اسی روز ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کا سلسلہ شروع ہونے کے باعث یہ معائنہ نہیں ہو سکا۔ سفارتی ذرائع کا خیال ہے کہ یہ پلانٹ اصفہان کے زیرِ زمین سرنگوں کے ایک وسیع نیٹ ورک میں واقع ہو سکتا ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

آئی اے ای اے نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جوہری مواد اور تنصیبات کے بارے میں معلومات فراہم نہ کرنا اور معائنہ کاروں کو رسائی نہ دینا جوہری پھیلاؤ کے حوالے سے سنگین تشویش کا معاملہ ہے۔ ایجنسی کے مطابق اس صورتِ حال کو انتہائی ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس نے ایران سے اپنے افزودگی پلانٹس کی موجودہ حالت اور افزودہ یورینیئم کے ذخیرے کی تفصیلات فراہم کرنے کے ساتھ متاثرہ جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مغربی میڈیا میںایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کےحوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ آئی اے ای اے کے آخری دستیاب ریکارڈ میں ایران کے پاس 440.9 کلوگرام یورینیئم 60 فیصد تک افزودہ ہونے کا تخمینہ درج ہے۔ یہ مقدار جون 2025 کے حملوں سے پہلے کے ریکارڈ پر مبنی ہے۔ ایجنسی اس کے بعد سے اس ذخیرے کی موجودہ مقدار، مقام اور حالت کی تصدیق نہیں کر سکی ہے۔ 60 فیصد تک افزودہ یورینیئم ہتھیاروں میں استعمال ہونے والی تقریباً 90 فیصد افزودگی کی سطح سے تکنیکی اعتبار سے ایک قدم دور سمجھا جاتا ہے۔

دوسری جانب ایران نے آئی اے ای اے کو بتایا ہے کہ امریکہ کی جانب سے مزید فوجی کارروائیوں، خصوصاً جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے ماحول میں معائنے کی بحالی سے متعلق بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی۔ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تہران کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتِ حال کی بنیادی وجوہات دور ہونے اور حفاظتی نگرانی کے معمول کے تقاضے بحال ہونے کے بعد ہی اس معاملے پر پیش رفت ممکن ہوگی۔ایران نے تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ متعلقہ قانونی اور عملی حالات سازگار ہوتے ہی وہ حفاظتی معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر مکمل عمل درآمد دوبارہ شروع کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ایران نے آئی اے ای اے کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات کی رازداری برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

اے پی کے مطابق گزشتہ سال جون کے بعد سے ایران میں آئی اے ای اے کا صرف بوشہر جوہری بجلی گھر کا معائنہ ممکن ہو سکا ہے۔ ایجنسی کے معائنہ کاروں نے 12 سے 15 ستمبر کے دوران وہاں معائنہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ دیگر جوہری تنصیبات تک رسائی نہیں مل سکی ہے۔آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گراسی نے ایران سے تعمیری تعاون کرنے اور جوہری مواد کی موجودہ صورتِ حال واضح کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایجنسی نے کہا ہے کہ وہ مختصر نوٹس پر ایران میں حفاظتی معائنے دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے اور اس نے تہران کو معائنہ کاروں کی واپسی کے لیے تدریجی اور تکنیکی اقدامات پر غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کا آئندہ ہفتے اجلاس ہونے والا ہے، جس میں ایران کے جوہری پروگرام اور معائنے سے متعلق صورتِ حال پر غور کیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande